اینگلنگ کو کھیل کا درجہ دلانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائیگی،چوہدری محمد سعید

اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر)آزادکشمیرکے وزیرسپورٹس یوتھ اینڈ کلچر، ایم ڈی اے ، امورمنگلاڈیم چوہدری محمدسعید نے کہاہے کہ منگلاجھیل میں نایاب قسم کی مچھلی کی افزائش اور تحفظ کے لیے اہم اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ شوقیہ مچھلی کے شکاریوں کودرپیش مسائل ان کی کیمپنگ سکیورٹی، مچھلی کے شکار کے لائسنس اور شوقیہ مچھلی پکڑنے کو کھیل کادرجہ دینے کے سلسلہ میں وزارت فشریز میں معاملات اٹھائیں گے۔ پاک اینگلنگ ٹورنامنٹ میں پاکستان بھرسے شکاریوں کی شرکت خوش آئندہے جس سے شوقیہ مچھلی شکارکوفروغ ملے گا۔شوقیہ شکاری مچھلی روزگارکے لیے نہیں شوق کے طورپرپکڑتے ہیں۔ ان کی ہرسطح پرحوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ منگلاڈیم بننے سے قبل جنرل مٹکمری دریائے پونچھ پر ٹینگروٹ کے مقام پر مہاشیر مچھلی کاشکار کرتے تھے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے پاک اینگلنگ کلب کے زیر اہتمام میرپور آزاد کشمیر کے قریب منگلا جھیل دوسرے منور علی خان میموریل اینگلنگ ٹورنامنٹ کی تقریب تقسیم انعامات سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ ٹورنامنٹ وائلڈ لائف اینڈ فشریز ڈیپارٹمنٹ، آزاد کشمیر، میرپور سول انتظامیہ، محکمہ اطلاعات آزاد کشمیر، ہنڈا اٹلس کمپنی، حیدری بیوریجز، اسلام آباد، مری بروری بیوریجز (ٹاپس کمپنی) اور جو جو سویتس، گوجرانوالہ کے اشتراک سے منعقد کیا گیا تھا۔ پاک اینگلنگ کے نائب صدر ول مبشراسلام ، نائب صدر راشد اسدی، ممبرگورننگ باڈی خالد عثمانی، پیٹرن راولپنڈی بلیرڈز اینڈ سنوکر ایسوسی ایشن سلیم اختررانا،میڈیا ایڈوائزر محمدندیم برنی، جائنٹ سیکرٹری اعجاز حسین گٹو، جاوید اقبال، قاضی خالد، ڈپٹی ڈائریکٹرفشریز عبدالشکور ، اسسٹنٹ ڈائریکٹرفشریز محمدساجد، انفارمیشن آفیسر محمدجاوید ملک ، سابق سیکرٹری جنرل پریس کلب ظہیراعظم جرال، کامران عابد بخاری ، رضوان اکرم، سجاد خانپوری ، میرپوراینگلنگ کلب کے صدر محمدعظیم دت ایڈووکیٹ سمیت شوقیہ شکاریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب میں پاک اینگلنگ کلب کے سیکرٹری جنرل محمدفہیم انور خان نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے وزیرسپورٹس سے مطالبہ کیاکہ وہ دوسرے کھیلوں کی طرح مچھلی کے شوقیہ شکاریوں کے لیے باقاعدہ سپورٹس کا درجہ دینے کے لیے اقدامات اٹھائیں۔ انھوں نے کہاکہ پاک اینگلنگ کلب 1982 میں مرض وجود میں آیا۔جس کے بانی منور علی خان مرحوم تھے۔ مرحوم نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بدولت شوقیہ شکاریوں کے مسائل کو حل کیا۔ انھوں نے کہاکہ اس کلب کے پیٹرن پاکستان کے مایہ ناز سائنسدان ڈاکٹرعبدالقدیرچلے آرہے ہیں۔سابق چیئرمین جوائنٹ چیف آف آرمی سٹاف کمیٹی جنرل اقبال احمدخان ، سابق وفاقی وزیراطلاعات ونشریات میجرجنرل شاہد حامد، میجرجنرل(ر) انیس الرحمان جیسی شخصیات سرپرستی کرتی رہی ہیں۔ پاک اینگلنگ کلب منگلا ڈیم ، تربیلا ڈیم، راول ڈیم، خان پور ڈیم، مختلف بیراجوں اور دریائوں پراینگلنگ کرواچکاہے۔ انھوں نے کہاکہ منگلاڈٖیم کے فشنگ رائٹس جب واپڈا کے پاس گئے تو ٹھیکہ دینے کے باوجود شوقیہ شکاریوں کویومیہ لائسنس واپڈاجاری کرتاتھا اور صوبہ پنجاب میں مچھلی پکڑنے کے ٹھیکہ کی شرط میں شوقیہ مچھلی کے شکاریوں کولائسنس دینے کی شق شامل تھی۔ اب منگلا فشنگ کے رائٹس حکومت آزادکشمیرکے پا س ہیں۔اس لیے پاک اینگلنگ کلب کے ممبران کو ٹورنامنٹ کے سلسلہ میں باقاعدہ لائسنس جاری کروائے جائیںتاکہ شوقیہ شکاری تمام قانونی ضوابط پورے کرتے ہوئے منگلاجھیل میں ٹورنامنٹ کاانعقاد کرسکیں۔ا۔ آزادکشمیرکے وزیرسپورٹس یوتھ اینڈ کلچرچوہدری محمدسعید نے اس موقع پرکلب کے ممبران اور آفیشلز میںشیلڈزاور انعامات بھی تقسیم کیے۔

ای پیپر دی نیشن