حکومت چلتی نظر نہیں آ رہی‘ تحفظات کے باوجود الیکشن کمشن پیش ہوں گا: عمران

اسلام آباد+لاہور (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ+خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ تحفظات کے باوجود الیکشن کمشن میں پیش ہونے جارہا ہوں، نیوز لیکس کے پیچھے مریم نواز ہیں، قطری خط کی جگہ منی ٹریل ہی دے دیتے تو کیس ختم ہو جاتا، جمہوریت میں سیاسی احتجاج پر کسی کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات نہیں بنتے، یہ فوج کو اس لئے بُرا بھلا کہہ رہے ہیں کہ ان کو کیوں نہیں بچایا، شریف خاندان ہمیشہ امپائروں کو ساتھ ملا کر کھیلنے کے عادی ہیں، میں کے پی کے میں احتساب سسٹم سے مطمئن نہیں ہوں، یہ اتنا طویل طریقہ کار تھا کہ ہم اس کو صحیح طرح نافذ نہ کرسکے،2013ء کے الیکشن میں ملٹری انٹیلی جنس (ایم آئی) کے ایک بریگیڈئر نے (ن) لیگ کی مدد کی۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان نے 300ارب کے اثاثے چھپائے ہیں ، یہ پیسہ پاکستان سے باہر گیا ہے ، ان کیساتھ پورا مافیا ہے، نوازشریف او اس کا خاندان احتساب عدالت سے بھاگ رہے ہیں، ان کے بچے اربوں روپے کے گھر میں رہتے ہیں، حسین شریف کی اربوں کی کمپنی ہے، میری جائیداد کے معاملے پر عدلت نے جو ثبوت مانگا میں نے فراہم کیا، نہ میں حکومت میں تھا اور نہ میں نے منی لانڈرنگ کی، بند ہوئے بینک اکائونٹ سے ریکارڈ کا حصول مسئلہ تھا ، جس طرح میری تلاشی ہوئی پاکستان میں کسی کی نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری باڈیز کے پاس توہین لگانے کا اختیار نہیں ہوتا، ان اداروں کا توہین لگانا آزادی اظہار پر پابندی ہے۔ سپریم کورٹ پر حملے کئے جا رہے ہیں، (ن) لیگ کے رہنما سپریم کورٹ کے خلاف باتیں کر رہے ہیں، خیبرپی کے میں کسی سیاسی مخالف پر کیس نہیں بنائے گئے، نوازشریف اور زرداری کو پکڑو تو کہتے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے، عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جا رہی ہے۔ نوازشریف اور (ن) لیگ ڈکٹیٹر کی گود میں پیدا ہوئی، مجھے حکومت چلتی نظر نہیں آرہی۔ علاوہ ازیں عمران خان نے نواز شریف کی چوری شدہ دولت کو کرکٹ کی حلال آمدن سے ملانے کی کوششوں پر ایک میڈیا گروپ پر کڑی تنقیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کی منی لانڈرنگ اور میری خون پسینے کی کمائی میں مماثلت کی۔ کوششیں شرمناک ہیں، میں کرکٹ کے ذریعے انتہائی محنت سے کمائی گئی ایک ایک پائی پاکستان لے کے آیا، نواز شریف نے منی لانڈرنگ کے تین سو ارب روپوں کی ایک بھی رسید پیش نہیں کی،سچ بولنے کے بجائے نوازشریف نے سپریم کورٹ میں بھی جعلی قطری خط پیش کیا، یہ کرپٹ مافیا سالانہ دس ارب چوری کر کے منی لانڈرنگ سے باہر بھیج دیتا ہے۔ ٹوئیٹر پر اپنے ایک پیغام میں عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی خون پسینہ ایک کر کے سالانہ بیس ارب ڈالر پاکستان بھجواتے ہیں۔ پاکستان قرضوں کی دلدل میں بُری طرح ڈوبا ہوا ہے۔ دریں اثناء عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارا دشمن بلوچستان توڑنے کیلئے افغانستان کے ذریعے آ رہا ہے،کوشش ہے کہ بلوچستان میں پشتونوں اور بلوچوں کو اکٹھا کروں۔ وہ بدھ کو اپنے گھر کے باہر آئے بلوچستان کے کارکنوں سے خطاب کررہے تھے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف بلوچستان کے احتجاج کا مطلب ہے کہ انکے دل میں پارٹی کادردہے۔ ملک دشمن بلوچستان کو الگ کرنا چاہتے ہیں۔ بلوچستان کیخلاف سازش ہو رہی ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہئے جس سے دشمن فائدہ اٹھائے۔ اس موقع پر تحریک نصاف بلوچستان کے کارکنوں نے دھرنا ختم کر دیا۔ کارکن اپنے مطالبات کے حق میں بنی گالہ کے باہر بیٹھے تھے۔ اتوارکو سیہون میں جلسے سے خطاب کروں گا۔ عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری نے سیہون میں سٹیڈیم بندکرانیکی کوشش کی ہے۔دوسری طرف تحریک انصاف نے جنوبی پنجاب بھرپور عوامی و سیاسی قوت کا مظاہرہ کر نے کا فیصلہ کرلیا۔ عمران خان رابطہ عوام مہم شروع کریں گے جس کیلئے شیڈول کو حتمی شکل دیدی گئی۔ ایک ماہ کے دوران عمران خان جنوبی پنجاب کے 6 اضلاع میں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔ اس سلسلہ میں پہلا عوامی جلسہ 2 نومبر اور آخری جلسہ 3 دسمبر کو ہوگا۔ عمران خان 2 نومبر کو احمد پور شرقیہ میں پہلا جلسہ کرینگے، 3 نومبر کو کوٹ اود مظفر گڑھ، 4 نومبر کو خانیوال شہر، 11 نومبر کو تونسہ،2 دسمبر کو لیہ اور 3دسمبر کو بہاولنگر میں جلسہ کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن