لاہور(نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں واپڈا اور پشاور کے میچ کے دوران ڈسپلن کی دھجیاں اڑا دی گئیں۔ایبٹ آباد سٹیڈیم میں کھیلے گئے واپڈا اورپشاور کے میچ میں کھلاڑی ایک دوسرے سے الجھ پڑے، واپڈا کو آخری وکٹ پر فتح کیلئے 4 رنزچاہیے تھے ،محمد عرفان نان سٹرائیکر اینڈ پر موجود تھے، پشاور کے باﺅلر تاج ولی نے ان کو کریز سے باہر دیکھتے ہوئے بال پھینکنے سے پہلے ہی رن آوٹ کر دیا، قانون کے مطابق بیٹسمین آوٹ تھے لیکن ٹیموں نے باہر آتے ہوئے روایتی طور پر ہاتھ بھی نہیں ملائے، واپڈا کے کرکٹرز نے مبینہ طور پر دھوکے باز کے آوازے کسے۔واپڈا کے کرکٹرزکا کہنا تھا کہ پشاور کے کھلاڑیوں نے سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ نہیں کیا۔ یاد رہے کہ پشاور کی قیادت عمران خان سینئر کر رہے ہیں، اس موقع پر پی سی بی سلیکشن کمیٹی کے رکن وسیم حیدر بھی موجود تھے۔ فی الحال ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کسی کارروائی کی اطلاع نہیں ہے۔