ہندووں کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے علاج کے منتظر تمام پاکستانیوں کو طبی ویزے جاری کرنے کا اعلان کردیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سشما سوراج نے لکھا، 'دیوالی کے اس پرمسرت موقع پر انڈیا تمام زیر التوا کیسز میں طبی ویزے جارے گا۔اپنی ٹوئیٹ میں سشما نے پاکستان میں ہندوستانی ہائی کمیشن کو ٹیگ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ علاج کے منتظر پاکستانی مریضوں کو ویزے جاری کیے جائیں۔اس سے قبل ہندوستانی وزیر خارجہ نے ایک پاکستانی شہری کی درخواست پر بھی ردعمل ظاہر کرتے ہوئے انہیں انڈین ہائی کمیشن سے رابطہ کرنے کو کہا تھا، جنہوں نے نئی دہلی میں اپنے والد کے جگر ٹرانسپلانٹ کے موقع پر ویزے کے اجرا کی درخواست کی تھی۔رواں برس 14 اگست کو بھی بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے آزادی کے 70 ویں سال کی خوشی میں منہ کے کینسر میں مبتلا پاکستانی مریضہ فائزہ تنویر کو ویزہ جاری کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔اس سے قبل جولائی میں ہندوستانی سفارت خانے نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے فائزہ تنویر کو ویزہ دینے سے انکار کردیا تھا۔