کراچی کے ساتھ وفاق اورصوبائی حکومت کا متعصبانہ رویہ قابل مذمت ہے: رضا ہارون

Oct 19, 2018

کراچی(نیوزرپورٹر) پی ایس پی کے سیکریٹری جنرل رضا ہارون نے کراچی کیساتھ وفاقی و صوبائی حکومت کے متعصبانہ سلوک و رویہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کا معاشی، صنعتی، تجارتی و اقتصادی حب ہے لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ مسلسل نظر انداز ہونے کی وجہ سے گزشتہ تیس برسوں سے بالخصوص اور پاکستان بننے کے بعد سے بالعموم تباہ ہو کررہ گیا ہے۔ شہر میں پینے کا صاف پانی نہیں، گلیوں محلوں سے کچرا تک نہیں اٹھایا جا رہا، کراچی سے ووٹ لینے کے بعد موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت بھی زبانی جمع خرچ سے آگے نہیں بڑھ رہی۔ تشویشناک اطلاعات ہیں کہ کراچی کی پانی کی ضرورت پوری کرنے والے ’’کے فور‘‘ منصوبے کیلئے وفاق سے فنڈز ریلیز نہیں کیئے جا رہے۔ انہوں نے کہا کہ وال اسٹریٹ جنرل نے ’’کے الیکٹرک‘‘ سے متعلقہ سنگین نوعیت کے ہوشربا انکشافات کیے ہیں جس کے مطابق الابراج کے سی ای او عارف نقوی نے کے الیکٹرک کے شیئرز کو شنگھائی الیکٹرک کارپوریشن کو فروخت کرنے کی مد میں ایک خطیر رقم اس وقت کے حکمرانوں کوکمیشن کی مد میں آفر کی۔ ان الزامات کی فی الفور تحقیقات کی جائیں ۔

مزیدخبریں