لاہور (سٹاف رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب امجد جاوید سلیمی نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں تھانوں کی ماڈرن لائنز پر اپ گریڈ یشن اورعوام کو بہترین سروس ڈلیوری کی فراہمی کیلئے اے ایس پیز اور ڈی ایس پیزبہترین سپروائزرز کا کردار ادا کریں اورماتحت عملے کی استعداد کار میں اضافے کیلئے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ٹریننگ کورسز کے انعقاد کے ساتھ کمیونٹی پولیسنگ کی طرز پر عوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا مقصد عوام کی خدمت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بناناہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے بطور کمانڈر میں کوشش کروں گا کہ آپ کو تمام درکار سہولیات مہیا کروں اور بدلہ میں آپ اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر مکمل دیانتداری اور بھرپور صلاحیت کے مطابق عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے تاکید کی کہ اشتہاری ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کیلئے ایس ڈی پی اوز اپنی نگرانی میںموثرحکمت عملی کے ساتھ کریک ڈاﺅن کا آغاز کریں جبکہ تھانہ کلچر میںحقیقی تبدیلی کیلئے باقاعدہ انسپکشن ، سخت مانیٹرنگ ،پریڈ اور پی ٹی کی روایت کو از سر نو شروع کروایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سنٹرل پولیس آفس میں منعقدہ پولیس دربار میں صوبے کے تمام اضلاع سے آئے اے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس طارق مسعود یٰسین ، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن ابوبکر خدا بخش، ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر اور ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس طارق عباس قریشی سمیت سی پی او کے تمام افسران موجود تھے ۔ دربار میں آئی جی پنجاب امجدجاوید سلیمی نے اے ایس پیز اور ڈی ایس پیز صاحبان سے انکے مسائل سنے اور انکے فوری حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے ۔
پولیس کا کام عوام کی خدمت، قانون کی بالادستی یقینی بنانا ہے: آئی جی
Oct 19, 2018