اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +سٹاف رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے قندھار حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا افغان عوام اور سکیورٹی فورسز عدم استحکام کی بھاری قیمت ادا کر رہی ہیں، پاکستان دیرپا امن کی کوششوں میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہےں خطے میں امن و ترقی کے لئے افغانستان میں امن ضروری ہے۔ ہم افغان عوام کے دکھ کو محسوس کر سکتے ہیں، پاکستان کو بھی انتخابی عمل کے دوران اسی قسم کے حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی قندھار میں دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا خواہش ہے افغان سکیورٹی فورسز بحالی امن میں کامیاب ہوں۔ خطے میں امن کے لئے افغانستان میں امن ضروری ہے۔ تشدد کے خاتمے کے لئے تمام اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔ خواہش ہے افغان ودیگر سکیورٹی فورسز افغانستان میں تشدد کے خاتمے میں کامیاب ہوں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے بھی قندھار حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ مشکل وقت میں افغان حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں۔ افغان جمہوری عمل کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، امید ہے افغان پارلیمانی انتخابات پرامن ہوں گے۔ افغانستان میں دیرپا امن اور استحکام کے لئے جمہوریت ناگزیر ہے۔
عمران/آرمی چیف