مظفرآباد( آن لائن)آزاد جموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس وزیر اعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت جمعرات کے روز وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں متعدد قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں ۔ قراردادوں میں کہا گیا کہ کابینہ کا یہ اجلاس شہید کشمیر ڈاکٹر منان وانی شہید کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔بانڈی پورہ میں بھارتی فورسز کی طرف سے کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال عالمی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔بھارت جس طرح کشمیریوں کو کچلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے اجلاس اس پر سخت تشویش کا اظہار کرتا ہے۔اجلاس مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے زیر انتظام کروائے جانے والے ڈھونگ پنچایتی(بلدیاتی) انتخابات کو مسترد کرتا ہے ۔ ایک قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمد شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہے۔ البتہ ان کے Protection Orderپر سپیکر کو مبارباد پیش کرتا ہے ۔ ایک اور قرارداد میں کہا گیا کہ اجلاس جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں شہید ہونے والے پاک فوج کے افسر سمیت اہلکاروں کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔