لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان فرنیچرکونسل(پی ایف سی) کا اعلیٰ سطحی وفد سوڈان میں ہونے والے خرطوم انٹرنیشنل فیئرمیں شرکت کرے گا جوکہ 21جنوری سے شروع ہوکر28 جنوری تک جاری رہے گا جس کے دوران پاکستان میں بننے والے عالمی معیارکے روایتی فرنیچر کی نمائش بھی کی جائے گی تاکہ غیرملکی خریداروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستانی فرنیچر کی طرف راغب کیا جاسکے۔ یہ بات پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے بورڈ آف ڈائریکٹرزکے اجلاس میں بتائی جو کہ جمعرات کو یہاں منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے میاں کاشف اشفاق نے اس تجارتی میلے میں پاکستان کی شرکت کی اہمیت پر زوردیا جو کہ پاکستان اور سوڈان کے درمیان اور بین الاقوامی تعلقات کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس شرکت کا پاکستانی مصنوعات کی مارکیٹنگ پر خاطرخواہ اثر پڑے گا جس سے پاکستان کے نجی شعبہ کی ترقی میں مدد ملے گی اور اس سے قومی معیشت کوبھی سہارا ملے گا۔