لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )ابوظہبی ٹیسٹ میں پاکستان نے آسٹریلیا کو جیت کے لیے 538 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ابوظہبی کے شیخ زید سٹیڈیم میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دوسری اننگز 400 رنز پر 9 وکٹوں کے نقصان پر ڈکلیئر کردی جس کے باعث آسٹریلیا کو ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے 538 رنز کا ہدف دیا ۔ مہمان ٹیم نے ایک وکٹ کے نقصان پر 47رنز بنالئے ہیں ۔کینگروز کومیچ جیتنے کیلئے مزید491رنز جبکہ پاکستان کو 9وکٹیں درکار ہیں ۔کھیل کے تیسرے روز پاکستان نے نامکمل اننگز کا آغاز کیا، حارث سہیل 17 اور اظہر علی 54 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے تاہم نیتھن لیون نے حارث سہیل کو اپنے سکور میں اضافہ کیے بغیر پویلین واپس بھیج دیا جس کے بعد اظہر علی اپنی غلطی کے باعث 64 رنز پر رن آؤٹ ہوگئے جبکہ اشدشفیق 44 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہوئے۔بابراعظم اور کپتان سرفراز احمد نے چھٹی وکٹ کے لیے 133 رنز کی شراکت قائم کی اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں تاہم بابر اعظم ٹیسٹ کیریئر کی پہلی سنچری بنانے میں ناکام رہے اور 99 رنز پر آؤٹ ہوگئے جبکہ سرفراز احمد 81 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔نیتھن لیون نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔ 538رنز کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغا ز اچھا نہ تھا اور پہلی وکٹ دس رنز کے مجموعی سکور پر گر گئی ۔ عثمان خواجہ کی شام مارش کو ایرون فنچ کے ساتھ بطور اوپنر بھیجا گیا تاہم وہ ناکام رہے اور چار رنز بناکر میر حمزہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے‘میر حمز ہ نے کیر یئر کی پہلی وکٹ حاصل کرلی ۔ تیسرے دن کے اختتام آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 47رنز بنالئے ہیں ۔ ایرون فنچ چوبیس اور سپیئر ہیڈ سترہ رنز پر کھیل رہے ہیں ۔ قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 282 رنز بنائے تھے جبکہ آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 145 رنز ہی بناسکی اور آؤٹ ہوگئی۔واضح رہے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلین بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کے ذریعے میچ ڈرا کرکے پاکستان کو یقینی فتح سے محروم کردیا تھا۔
ابو ظہبی ٹیسٹ: بابر اعظم نروس نائنٹیز کا شکار، پاکستان کو فتح کیلئے 9وکٹیں ، آسٹریلیا کو 491رنز درکار
Oct 19, 2018