لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) ٹوکیو اولمپکس کے کوالیفائنگ راونڈ میں شرکت کیلئے پاکستان ہاکی ٹیم آج رات لاہور سے براستہ دبئی ہالینڈ روانہ ہوگی۔ پاکستان اور ہالینڈ کی ٹیموں کے درمیان میچز 26 اور 27 اکتوبر کو کھیلے جائیں گے۔ ہیڈ کوچ خواجہ جنید نے بتایا کہ چھ ہفتے پر مشتمل تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں کی خامیوں کودور کرنے کی بھرپور کوشش کی گئی ہے۔ ماضی میں ہالینڈ کیساتھ مقابلوں میں پاکستان ٹیم اپنی ہی غلطیوں کی وجہ سے ہارتے رہی ہے۔ کوشش ہوگی غلطیوں پر قابو پائیں‘ اگر ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہو گئے تو میزبان ہالینڈ ٹیم کو اپ سیٹ شکست بھی دے سکتے ہیں۔معاون کوچ وسیم احمد کا کہنا تھا کہ پاکستان ٹیم ہالینڈ کیخلاف سرپرائز دے سکتی ہے ‘کھلاڑیوں میں اتنی صلاحیتیں موجود ہیں کہ وہ حریف ٹیم کو شکست دے سکتی ہے۔ کھلاڑیوں سے کہا ہے کہ شکست کا خوف دل سے نکال کر کھیلیں کامیابی ان کا مقدر بنے گی۔ نائب کپتان عماد شکیل بٹ کا کہنا تھا کہ ہالینڈ ٹیم کو ٹف ٹائم دینگے ‘ جو پلان دیا گیا ہے اس پر عمل کرکے کامیابی حاصل کرینگے اور اولمپکس 2020ء کیلئے کوالیفائی کرینگے۔ کھلاڑی ابو بکر کا کہنا تھا کہ ہالینڈ کیخلاف میچز میں اصل دباو میزبان ٹیم پر ہوگا کیونکہ وہ رینکنگ میں نمبر تین پر موجود ہے۔ پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور پاکستان ٹیم کو کامیاب کرائیں گے۔
اولمپکس کوالیفائنگ راونڈ‘قومی ہاکی ٹیم آج رات ہالینڈ روانہ ہوگی
Oct 19, 2019