لاڑکانہ الیکشن اعلان بغاوت، عوام نے پی پی کو گھر میں مسترد کر دیا: فردوس عاشق

Oct 19, 2019

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کرپشن کے باعث پیپلزپارٹی صوبے سے اضلاع تک سمٹ کر رہ گئی، بلاول صاحب! آپ کے اپنے گھر میں عوام نے آپ کو مسترد کردیا۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے مسکن لاڑکانہ میں تبدیلی آ گئی ہے۔ جی ڈے اے امیدوار معظم عباسی کی کامیابی جعلی اکائونٹس پارٹی کے خلاف عوام کا اعلان بغاوت ہے۔ انہوں نے کہا بلاول صاحب! آپ کے اپنے گھر میں عوام نے آپ کو مسترد کر دیا۔ امید ہے کہ آپ اپنی زیر سرپرستی اور وزیراعلی کی زیر نگرانی ہونے والے اس انتخاب کو جعلی قرار نہیں دیں گے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ لاڑکانہ کے ضمنی انتخابات کے نتائج اس امر کا ثبوت ہے کہ لاڑکانہ بھٹو کا گڑھ نہیں رہا، دھاندلی کا رونا رونے والوں کا بیانیہ پنکچر ہوگیا، لاڑکانہ میں ہونے والی شکست ان کی آنکھیں کھولنے کے لئے کافی ہے، یہ ضمنی انتخاب نئے الیکشن کا مطالبہ کرنے والوں کے لئے نشان عبرت ہے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ شکست پر پیپلزپارٹی کو اپنی قیادت کی غلطیوں کا ادراک کرنا چاہیے، سندھ کے لوگ آپ کی سرکار میں اصلاح چاہتے ہیں۔ اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے کہا اصلاحات نہ کیں تو آپ کا سندھ میں بھی وہی حشر ہوگا جو باقی پاکستان میں ہوا، یہ احتجاج کا نہیں سوچ کا موقع ہے۔علاوہ ازیں معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بیان میں کہا ہے کہ شہباز شریف نے چھ ماہ میں معیشت بہتر کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ شہباز شریف کا دعویٰ تین ماہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے جیسا ہے۔ شہبازشریف کا دعویٰ آصف علی زرداری کو سڑکوں پر گھسٹینے جیسا ہے۔ شہباز شریف مولانا فضل الرحمان اور ان کے ہمنوا کو عوام اور ان کے حالات سے کوئی دلچسپی نہیں۔ معیشت کا پہیہ جام کرکے قوم پر قرضوں کا بوجھ لادنے والے آج مگرمچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔

مزیدخبریں