کراچی (نیوز رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بہترین تربیت اور فزیکل فٹنس پاک فوج کا طرہ امتیاز ہے۔ یہ بات انہوں نے کراچی میں پیسز چیمپئن شپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کراچی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے پیسز چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب میں شرکت کی اور افسران سے خطاب بھی کیا۔ مشقوں میں مصروف جوانوں سے اپنے خطاب میں آرمی چیف کا کہنا تھا کہ جدید عسکری ٹیکنالوجی کے باوجود جنگجو مہارتیں اہمیت کی حامل ہیں۔ جنگجو مہارتوں کے لئے تربیت اور فزیکل فٹنس انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کو بہترین تربیت اور فزیکل فٹنس کا اعزاز حاصل ہے۔ دورہ کراچی کے دوران کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ ایونٹ میںگوجرانوالہ کور کی ٹیم نے چیمپئن شپ جیتی جبکہ انجینئر سینٹر کی ٹیم نے نوجوان سپاہیوں کی چیمپئن شپ جیتی۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تربیتی مشقوں کے میکانکی فارمیشن کا بھی جائزہ لیا۔ آرمی پیسز اور ینگ سولجرز پیسز چیمپئن شپ کی فاتح ٹیموں میں انعامات تقسیم کئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گوجرانولہ کارپس کی ٹیم آٹھویں آرمی پیسز فاتح قرار پائی۔ جبکہ ساتویں ینگ سولجرز پیسز چیمپئن شپ انجینئر سنٹر کی ٹیم کے نام رہی۔
دورہ کراچی، جوانوں کی تربیت، مہارت اہم، جسمانی فٹنس اور اعلیٰ تربیتی معیار پاک فوج کا طرہ امتیاز ہے: آرمی چیف
Oct 19, 2019