نئی دہلی (نیٹ نیوز) بالی ووڈ کے شہرہ آفاق اداکار امیتابھ بچن کی طبیعت بگڑ گئی جس کے باعث انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جگر کے عارضے میں مبتلا معروف اداکار امیتابھ بچن کو خرابی صحت کے باعث نانا وتی ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ ہسپتال کے کمرے میں اہل خانہ کے علاوہ کسی کو جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے جب کہ خاندانی ذرائع بھی امیتابھ بچن کی بیماری کے حوالے سے چپ سادھے ہوئے ہیں۔ ٹوئٹر پر ہمہ وقت موجود رہنے والے امیتابھ بچن نے 5 دن میں صرف 6 ٹوئٹس کی ہیں۔ جواں عزم امیتابھ بچن ٹی بی اور ہیپاٹائٹس بی کو شکست دے چکے ہیں۔ ان کا جگر صرف 25 فیصد کام کر رہا ہے ۔ امیتابھ بچن کو ہیپاٹائٹس بی کا مرض 1983 میں ایک بوتل خون کی منتقلی کے دوران لاحق ہوا تھا۔