جامعہ بنوریہ نے مدارس کے طلبا کی جمعیت علمائے اسلام (ف) کے آزادی مارچ میں شرکت کی مخالفت کردی۔
جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم نےکہا ہے کہ آزادی مارچ میں مدارس کے طلباء کو شریک نہیں ہونا چاہیے۔ مفتی نعیم نے ان خیالات کا اظہار وفاقی وزراء علی زیدی اور نور الحق قادری سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جامعہ بنوریہ میں 53 ممالک کے طلبا زیر تعلیم ہیں، دینی مدارس غیر سیاسی ہوتے ہیں۔
مفتی نعیم نے کہا دینی طلبہ کو سیاست میں استعمال نہ کیا جائے، اس سے دنیا میں اچھا تاثر نہیں جائے گا، مدارس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال نہیں ہونا چاہیے، دینی مدارس غیر سیاسی ہوتے ہیں۔جامعہ بنوریہ کے مہتمم نے مزید کہا کہ تمام مدارس سے درخواست ہے کہ اپنے طلبہ کو مارچ یا دھرنے میں شریک نہ کریں، کسی طالب علم کو کچھ ہوا تو مدرسے کی بد نامی ہوگی۔انھوں نے کہا جامعہ میں 53 ممالک کے طلبہ زیر تعلیم ہیں، اگر ان ممالک میں یہ پیغام جائے گا کہ یہاں طلبہ کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے تو وہ اپنے طلبہ نہیں بھیجیں گے۔