لاہور (نیوز رپورٹر) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ علامہ زبیر احمد ظہیر نے سودی نظام کو ملک کیلئے ''معاشی دہشت گردی'' قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان دنیا میں نیک نامی‘ غر یبوں کی دعائیں اور آخرت میں نجات چاہتے ہیں تو سودی نظام کے حق میں حکومتی اپیل کو فوری طور پر واپس لیں ورنہ ان کا حشر بھی ماضی کے حکمرانوں جیسا ہی ہوگا۔ جب تک پاکستان میںسود کا نظام موجود ہے کبھی بھی غربت‘ مہنگائی اور بے روزگاری جیسے مسائل کا خاتمہ نہیں ہوسکتا۔ سود اللہ اور اسکے رسولﷺ سے اعلان جنگ ہے۔ سودی نظام کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کا بھی جنازہ نکل چکا ہے۔ جب تک سودی نظام کا خاتمہ نہیں ہوتا پاکستان کی معیشت میں بھی بہتری نہیں آسکتی۔ وہ اتوار کے روز ''سودی نظام کی تباہی'' کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کے علاوہ اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے ڈاکٹر سید طالب الرحمن شاہ زیدی‘ مولانا عبد الستار نیازی‘ پروفیسر فیاض احمد سلفی‘ رانا محمد آصف‘ میاں محمد اصغر اور مولانا جان محمد بٹ اور دیگر راہنماؤں نے بھی سیمینار سے خطاب کیا ہے۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی‘ غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل عوام سے جینے کا حق بھی چھین رہے ہیں۔ ان حالات میں پاکستان سالانہ کھربوں روپے سود کی مد میں مختلف بنکوں اور اداروں کو ادا کر رہا ہے جو پاکستانی عوام کے ساتھ بدترین معاشی دہشت گردی ہے۔ وقت آچکا ہے کہ پاکستانی عوام کو اس دہشت گردی سے نجات دلائی جائے۔ عمران خان نے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان کو ریاست مدنیہ بنانے کا دعویٰ کیا وہ پاکستان کو ریاست مدینہ تو نہیں بنا سکے اب کم ازکم سود ی نظام کے حق میں حکومتی اپیل کو ہی واپس لے لیں۔