راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹرسے)عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالمِ اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ حضو ر نبی کریم ﷺ کی حقیقی غلامی اتحاد و ترقی امت کی ضامن، تمام در پیش چیلنجز سے عہدہ بر آ ہونے کے لئے روشنی فراہم کرنے والی اور انسانیت کے تمام دکھوں وتکالیف کا ازالہ کرنے والی ہے۔ برصغیر پاک و ہند میں تبلیغ و اشاعتِ دین کا کارنامہ حضور نبی رحمت ﷺ کے غلام جنہیں ہم اولیاء اللہ کے نام سے یاد کرتے ہیں نے سر انجام دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے دربارِ عالیہ گھمکول شریف کوہاٹ کے سالانہ عرسِ مبارک کی اختتامی نشست سے اتوار کے روز خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ اِنہی اولیاء اللہ میں حضرت خواجہ زندہ پیر صاحبؒ گھمکول شریف کا نام ِنامی روز ِروشن کی طرح عیاں ہے جنہوں نے دربارِ رسالتمآب ﷺ سے ملنے والی روشنی سے خود کو منور کر کے مخلوقِ خدا کے ساتھ ایسا حسنِ اخلاق اور شفقت کا برتاؤ کیا کہ لوگوں کو آپس میں شیر و شکر کر دیا اور اپنے اعلیٰ اخلاق و کردا ر سے مخلوقِ خدا کے د ل جیت لئے۔حضرت خواجہ زندہ پیر صاحب ؒ سچے دل سے رب ِرحمان کے حضور جھکے تو اﷲکریم نے مخلوقات کے دلوں کو آپ ؒ کی جانب جھکا دیا ۔آج بھی آپ ؒ کے عرس مبارک پر مخلوق کا یہ ٹھاٹھیں مارتا سمندر اِس بات کی واضح دلیل ہے کہ جو کوئی بھی اﷲ کریم اور اُس کے پیارے حبیب ﷺ کا ہو گیا تو سارا زمانہ اُس کا ہو گیا۔آج بھی گھمکول شریف کے سجادہ نشین پیر سید حبیب اﷲ شاہ حقیقی معنوں میں مخلوق ِ خدا کا تعلق اُس کے خالق حقیقی کے ساتھ جوڑنے میں ہمہ تن گوش ہیں پاکستان میں فرقہ واریت کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے خانقاہوں اور درگاہوں نے کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔
ملکی سلامتی ، ترقی اور معیشت کے استحکام کیلئے پوری پاکستانی قوم اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ ہر قربانی دینے کیلئے تیار ہے ۔۔