کابل(نیٹ نیوز) افغانستان کی اعلیٰ کونسل کے چیئرمین عبداللہ عبداللہ نے گزشتہ روز ایران کا دورہ کیا اور ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف سے ملاقات کی اور افغان امن عمل پر تبادلہ خیال کیا۔جس کی تصدیق مصالحتی کونسل کے دفتر سے کی گئی۔ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زہد نے کہاکہ اس ملاقات میںجواد ظریف نے کہا کہ مستحکم ، ترقی یافتہ اور پر امن افغانستان ایران کی مستقل امید رہا ہے ۔ترجمان نے مزید کہا کہ ہم انٹرا افغان مذاکرات میں حقیقی مدد کرنے کیلئے اپنی تمام کوششوں کو مربوط کریں گے۔عبد اللہ نے اسی دوران افغان امن عمل کے لئے ایران کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ایک اہم سفر ہے اورہر ملک پر اپنی صلاحیت کی بنیاد پر اثرات مرتب ہوتے ہیں ، اور افغانستان میں جنگ کے تسلسل سے سب متاثر ہوتے ہیں۔