ملتان (سپورٹس ڈیسک) زمبابوے کے خلاف سیریز کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان آج کیے جانے کا امکان ہے۔سابق چیف سلیکٹر مصباح الحق نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے بعد اسکواڈ کا اعلان کرنے کا فیصلہ کیا تھا مگر وہ اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے ہیں، امکان ہے کہ پی سی بی پریس ریلیز کے ذریعے ٹیم کا اعلان کریگا۔ذرائع کے مطابق ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیی22 سے 23 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔ آل رائونڈر فہیم اشرف کی شمولیت کے علاوہ عبد اللہ شفیق اور خوشدل شاہ کی بھی ٹیم میں شمولیت یقینی دکھائی دے رہی ہے۔ نسیم شاہ کی جگہ موسی خان کو اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے، وہاب ریاض ٹیم میں برقرار رہ سکتے ہیں۔ٹیم میں دوسرے وکٹ کیپر کے طور روحیل نذیر کا نام زیر غور ہے جبکہ سرفراز احمد کا جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے۔سیریز میں بابر اعظم پہلی مرتبہ ون ڈے کرکٹ میں بھی قیادت کریں گے۔