لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کے ٹیم منیجرز، ہیڈکوچز اور اسسٹنٹ کوچز نے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پی سی بی کے اقدامات کو قابل ستائش قرار دیدیا۔کے پی ٹیم کے ہیڈ کوچ عبدالرزاق نے بائیو سیکیور ببل میں پی سی بی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہاکہ انہوں نے پہلی مرتبہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اس قدر معیاری سہولیات اور بہترین انتظامات دیکھے ہیں۔سدرن پنجاب کے ہیڈ کوچ عبدالرحمٰن کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اس کے معیار کے عین مطابق سہولیات کی فراہمی قابل ستائش عمل ہے۔ سابق فاسٹ باؤلر اعزاز چیمہ نے کہا کہ پی سی بی نے صحت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے بائیو سیکیورببل تیار کیا۔سنٹرل پنجاب کے منیجر اظہر زیدی کا کہنا ہے کہ بائیو سیکیور ببل میں ٹورنامنٹ کا انعقاد آسان نہ تھا مگر بہترین سہولیات سے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند رہے۔ سندھ ٹیم کے ہیڈ کوچ باسط علی نے کہا کہ ذہنی طور پر مشکلات کا اندیشہ تھا مگر بہترین ٹورنامنٹ کے انعقاد کو یقینی بنایا۔ محمد وسیم کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کو عمدہ سہولیات فراہم کیں۔ بلوچستان کے اسسٹنٹ کوچ وسیم حیدرکا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ کا انعقاد قطعاََ آسان نہیں تھا مگر پی سی بی نے شرکاء کو بہترین سہولیات فراہم کرکے اس ٹورنامنٹ کو کامیاب بنادیا۔
نیشنل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ‘ٹیم منیجرز‘ہیڈ کوچز انتظامات سے مطمئن
Oct 19, 2020