لاہور/ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار، کامرس رپورٹر‘ نمائندہ خصوصی‘ نمائندہ نوائے وقت‘ نوائے وقت رپورٹ) نبی آخرالزماں حضرت محمدﷺ کا جشن ولادت آج منگل کو عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21توپوں کی سلامی کے ساتھ ہوگا۔ نماز فجر کے بعد اسلام کے فروغ، ملک اور امت مسلمہ کے اتحاد، یکجہتی، ترقی اور فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ ملک بھر میں درود و سلام اور نعت خوانی کی محافل منعقد کی جائیں گی۔ سیمینارز اور کانفرنسزسمیت میلاد جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گئی، جن میں نبی کریم حضرت محمدؐ کی سیرت اور اسلام کی سر بلندی کیلئے کی جانے والی عظیم کوششوںکو موضوع بنایا جائے گا۔ جشن عید میلاد النبیؐ کے سلسلہ میں ملک بھر کے گلی، محلوں اور بازاروں کو خوبصورت روشنیوں، برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجا دیا گیا ہے جبکہ سرکاری و نجی عمارتوں، مسجدوں پر بھی چراغاں کیا گیا ہے۔ مختلف دینی جماعتوں کی جانب سے میلاد ریلیوں اور جلوسوں اور اجتماعات کا انعقاد گذشتہ رات سے ہی ہوگیا۔ ملک بھر میں عام تعطیل اعلان کیا گیا ہے۔ پہاڑیاں اور ماڈل بنائے جائیں گے۔ پولیس کی جانب سے جشن عید میلاد النبیﷺ کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ موٹرویز اور ہائی ویز پر قائم ٹال پلازوں پر روڈ سیفٹی یونٹ کے افسرمسافروں کو روڈ سیفٹی کے ساتھ عید میلاد النبیؐ کے حوالے سے خصوصی پیغامات اور بچوں کو خصوصی تحائف بھی پیش کریں گے۔ 12 ربیع الاول عید میلادالنبیؐ کی مناسبت سے آج عام تعطیل کی وجہ سے سٹیٹ بنک سمیت تمام بنک اور مالیاتی ادارے بند رہیں گے۔ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان نے عید میلادالنبیؐ پر پیغام میں کہا ہے کہ ملک بھر آج ہم اپنے نبی کریمؐ کا یوم ولادت عقیدت و احترام سے منائیں گے۔ آج صبح صدر عارف علوی ایک تقریب کی میزبانی کریں گے۔ شام کو میں عید میلادالنبیؐ کا مبارک دن کنونشن سنٹر میں مناؤں گا۔ وزیراعظم نے بنی گالہ گھر کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ حضورؐ نے مساوات بھائی چارے اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ تشکیل دیا اور رنگ‘ نسل‘ خاندان‘ زبان اور وطن سے بالاتر ایک امت و ملت کا قیام عمل میں لائے۔ موجودہ دور میں بھی امت مسلمہ کو درپیش مسائل بالخصوص معاشرے میں پائے جانے والی انتشار‘ نفاق‘ ظلم اور ناانصافی کا واحد حل سیرت طیبہ میں موجود ہے۔ حکومت کی پاکستان کو ریاست مدینہ کے طرز کی ایک مثالی فلاحی مملکت بنانے کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ خاتم النبیین حضرت محمدؐ کا اسوہ حسنہ پوری کائنات کیلئے مشعل راہ ہے۔ وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے عید میلاد النبیؐ 1443ھ کے موقع پر پیغام میں کہا 12 ربیع الاول عید میلاد النبیؐ کے مبارک موقع پر تمام مسلمانان عالم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج کا دن وجہ وجود کائنات کے اس دنیا میں آنے کی خوشی منانے کا دن ہے، آج کا دن اللہ تعالی کے حضور خصوصی شکر بجالانے کا دن ہے، ہم خوش قسمت ہیں کہ ہم نبی آخر زمان حضرت محمد کے امتی ہیں، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ پاکستان کو ریاست مدینہ جیسا بنانے کی ہماری کوششوں کو کامیاب کرے۔
عید میلادالنبیؐ آج عقیدت و احترام سے منائی جائیگی
Oct 19, 2021