کوئٹہ (بیورو رپورٹ) کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر پولیس ٹرک کے قریب دھماکہ سے ایک پولیس اہلکار شہید‘ پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق سریاب روڈ پر جامعہ بلوچستان کے مرکزی دروازے کے قریب موٹر سائیکل میں نصب دھماکہ خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار نعت اللہ شہید جبکہ 13پولیس اہلکاروں سمیت 17افراد زخمی ہوگئے جن میں امیر خان، محمود خان، ندیم، بابر مقبول، خلیل احمد، ڈاکٹر نظام الدین، محمد حسین، شہریار، محمد رفیق، شاہ فیصل، محمد اسلم، محمد عمر، محب اللہ، عبدالمالک، عطاء اللہ، راحیل اور کامران شامل ہیں۔ دھماکے کے وقت جائے وقوعہ پر طلباء کا احتجاج بھی جاری تھا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی بی ایم سی اور سول ہسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ ریسکیو حکام نے زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا۔ پولیس کے مطابق دھماکے میں چار سے پانچ کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔ سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کر لئے اور واقعہ کی تحقیقات شروع کردیں‘ مزید کارروائی جاری ہے۔