معروف ادیب، نوائے وقت کے کالم نگار  اجمل نیازی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے

لاہور (نامہ نگار) روزنامہ ’’نوائے وقت‘‘ کے کالم نگار ڈاکٹر اجمل نیازی اتوار اور پیر کی درمیانی شب 74 برس کی عمر میں لاہور میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی نماز جنازہ گزشتہ روز لاہور میں وحدت کالونی گرائونڈ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ میں ادیبوں، شاعروں، صحافیوں، سیاسی شخصیات سمیت زندگی کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے اہم افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر اجمل نیازی مرحوم نے نہ صرف شعبہ تعلیم میں خدمات سر انجام دیں بلکہ کالم نگاری کے علاوہ اردو، پنجابی شاعری اور ادب کے میدان میں بھی بلند پایہ خدمات سرانجام دیتے رہے۔ ان کی علم و ادب اور صحافتی خدمات کے اعتراف میں حکومت  پاکستان نے ستارہ امتیاز سے نوازا تھا۔ ڈاکٹر محمد اجمل نیازی شاعر، نقاد، محقق، دانشور، کالم نگار، ماہر تعلیم اور کمپیئر کی حیثیت سے پہچانے جاتے تھے۔ وہ 16 ستمبر 1947ء کو موسیٰٰ خیل ضلع میانوالی میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی طور پر گورڈن کالج راولپنڈی کے شعبہ اردو میں بطور لیکچرار تدریسی خدمات سرانجام دیں جبکہ لاہور کے گورنمنٹ کالج اور ایف سی کالج کے ساتھ میانوالی میں بھی تدریسی خدمات سرانجام دیتے رہے۔ ڈاکٹراجمل نیازی نے اپنے صحافتی سفر کا آغاز گورنمنٹ کالج لاہور کے میگزین’’راوی‘‘ سے بطور ایڈیٹر کیا جبکہ ماہنامہ ’’پطرس‘‘ کے بھی ایڈیٹر رہے۔ وہ طویل مدت تک روزنامہ ’’نوائے وقت‘‘ میں ’’بے نیازیاں‘‘ کے عنوان سے کالم لکھتے رہے۔ بہترین کالم نگاری پر سابق صدر آصف علی زرداری نے انہوں ستارہ امتیاز سے نوازا تھا۔ وہ کافی عرصے سے علیل تھے۔ انہوں نے اپنے پسماندگان میں بیوہ رفعت نیازی، دو بیٹے حسان خان نیازی، سلمان خان نیازی جبکہ ایک بیٹی تقدیس نیازی چھوڑی ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے معروف کالم نگار اجمل خان نیازی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ  اللہ تعالی مرحوم اجمل خان نیازی کے درجات بلند فرمائے۔ مرحوم ایک دانشور اور تعلیم دوست انسان تھے۔ کالم نگاری میں اجمل خان نیازی کا انداز یگانہ تھا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ڈاکٹر اجمل نیازی کی وفات کی خبر سن کر دلی صدمہ ہوا، وہ ایک صحافی، کالم نگار اور ماہر تعلیم تھے لیکن سب سے بڑھ کر وہ ایک انتہائی شریف انسان اور عاجزی و انکساری کی بہترین مثال تھے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے معروف کالم نگار، صحافی اور ادیب ڈاکٹر محمد اجمل نیازی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ معروف کالم نگار، صحافی اور ادیب، ڈاکٹر محمد اجمل نیازی کی وفات کا سن کر صدمہ ہوا۔ اللہ مرحوم کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ مرحوم پاکستان کے ادب اور صحافت کے شعبے میں نمایاں مقام کے حامل شخصیت تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مرحوم مختلف شعبوں میں خدمات سے خود کو امر کر گئے۔ اللہ ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چودھری فواد حسین نے بھی ممتاز شاعر، صحافی اور کالم نگار ڈاکٹر اجمل نیازی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...