اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس طارق نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے سلسلے میں سمندر پار تعیناتی میں عمان کے شہر مسقط کی بندرگاہ سلطان بن قابوس کا دورہ کیا۔ شمالی بحیرہ عرب اور خلیج عمان میں تعیناتی خطے میں بحری سکیورٹی کو یقینی بنانے کے مقصد سے کی جا رہی ہے۔ پی این ایس طارق جدید ترین اسلحے اور سینسرز سے لیس جہاز ہے اور یہ کثیرالخطر ماحول میں کئی قسم کے بحری آپریشنز سر انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بندرگاہ سلطان بن قابوس پہنچنے پر پاکستان کے دفاعی اتاشی اور رائل عمانی بحریہ کے افسر نے جہاز کا استقبال کیا۔ بندرگاہ پر قیام کے دوران، پی این ایس طارق کے کمانڈنگ آفیسر نے سید بن سلطان نیول بیس کے کمانڈر، کموڈور راشد بن عبدالکریم سے ملاقات کی۔کمانڈنگ آفیسر پی این ایس طارق نے عمانی عوام کے لیے بالعموم اور رائل عمانی بحریہ کے لیے بالخصوص چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دورے کے اختتام پر پی این ایس طارق نے رائل عمانی بحریہ کے جہاز سادھ کے ساتھ دوطرفہ مشق میں حصہ لیا۔ بعدازاں، پاک بحریہ کے جہاز نے عمانی بحریہ کے جہاز سادھ کے ساتھ خلیج عمان میں مشترکہ پٹرول میں بھی حصہ لیا۔ اس دورے سے باہمی تعلقات مضبوط ہوں گے اور دونوں بحری افواج کے مابین آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہو گا۔
پی این ایس طارق کا سلطان بن قابوس بندرگاہ کا دورہ، عمانی حکام نے استقبال کیا
Oct 19, 2021