سیرت طیبہؐ  قیامت تک کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہے:اعجازاحمدمنہاس

Oct 19, 2021

لاہور ( سپیشل رپورٹر) لاہور آرٹس کونسل الحمراء میں عشرہ رحمت اللعالمین ؐ کی مناسبت سے محفل ِ میلادِ مصطفیٰؐ برائے خواتین کا انعقادکیا گیا۔نعت خواں ہما عمران نے ساتھیوں کے ہمراہ آپؐ کی عظمت، رفعت، بلندی، ابدیت بیان کی۔شافع محشر،تاجدارِختم نبوت، امام الانبیا حضرت محمدؐ پر درود و سلام کے نذرانے پیش کئے گئے۔مشہور ومعروف نعت خواں ماہ نور خان،حافظہ نائیلہ عرفان،فلک نور،عصمہ ظفر،ہاجرہ فرح، فریحہ، پروین اختر،شبانہ اور شازیہ نے بھی نعت پیش کیں ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمراء اعجاز احمد منہاس نے اپنے تاثرات میں کہا کہ حضرت محمد ؐ آقائے دو جہاں ؐ کی سیرت طیبہ قیامت تک پوری کائنات کے لئے ہدایت کا سرچشمہ ہے۔اللہ کے محبوب ؐ کی سیرت کا پرچار سعادت ہے۔ ڈائریکٹر الحمراء ذوالفقار علی زلفی نے کہا کہ آپ ؐ کی تعلیمات کو اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی میں رائج کرنا ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ محفل ِمیلادِ مصطفیٰ ؐ کی نظامت کے فرائض نادیہ سلیم خان نے نبھائے۔نووین رومانے محفل ِ میلادِ مصطفیٰ کو احسن انداز میں کوآرڈی نیٹ کیا۔تمام انتظامات کو بطریقہ احسن سرانجام دیا۔

مزیدخبریں