کابل(شِنہوا)جنگ سے متاثرہ افغانستان میں ملک گیر پولیو مہم 8 نومبر سے شروع کی جائیگی۔اقوام متحدہ چلڈرن فنڈ (یونیسف)نے پیر کو اپنی ویب سائٹ پر جاری ایک بیان میں اعلان کیا کہ عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او)اور یونیسف طالبان کی جانب سے پورے افغانستان میں گھر گھر پولیو ویکسی نیشن کی بحالی کی حمایت کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 3 سال کے دوران یہ پہلی مہم ہے جس میں افغانستان کے تمام بچوں کو شامل کیا جائیگا، ان میں ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے 33 لاکھ سے زائد ایسے بچے بھی شامل ہیں جن تک گزشتہ ویکسی نیشن مہموں کے دوران رسائی حاصل نہیں کی جاسکی۔بیان کے مطابق دوسری ملک گیرپولیو ویکسی نیشن مہم پر بھی اتفاق کیا گیا ہے اور اسے دسمبر میں پاکستان کی پولیو مہم کے ساتھ ایک ہی وقت شروع کیا جائیگا۔یہ اگست میں طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد پہلی ویکسی نیشن مہم ہو گی۔اس سے قبل اکتوبر میں یونیسیف نے طالبان کی نگران حکومت پر زور دیا تھا کہ وہ افغانستان میں پولیو اور خسرہ پھیلنے کے خدشے کے باعث بچوں کی ویکسی نیشن دوبارہ شروع کرے۔