کراچی ( نیوزرپورٹر) ہمدرد فائونڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام ہمدرد نونہال سیرت کانفرنس ’’پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا حسن اخلاق‘‘ کے موضوع پر بیت الحکمہ آڈیٹوریم ، مدینۃ الحکمہ میں گزشتہ روز منعقد ہوئی۔ کانفرنس میں ممتازرصنعت کار اور شوریٰ ہمدرد کی رُکن نوشابہ خلیل ستار کو بطورمہمان مقرر مدعوکیا گیا۔ کانفرنس میں صدر ہمدرد فائونڈیشن پاکستان محترمہ سعدیہ راشد نے بھی شرکت کی۔ محترمہ نوشابہ خلیل ستار نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات مبارکہ پوری انسانیت کے لیے مشعل راہ ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانی سماج میں موجود خرابیوں کو دور کیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دنیا میں تشریف آوری کا مقصد اخلاقی اقداروں کو معاشرے میں نافذ کرنا ہے۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد بنی نوع انسان کے لیے رشد و ہدایت کا ذریعہ بنی۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات پر عمل کرنا چاہیے، کیونکہ جس نے حیاتِ طیبہ کو اپنایا ، اُس نے معراج پائی ۔ شہید حکیم محمد سعید نے اسلامی تعلیمات پر پوری طرح سے عمل کیا،اسی لیے وہ حسن اخلاق کا پیکر تھے۔ اُنہوں نے جہالت اور لاعلمی کے خلاف بڑا جہاد کیا اور بہترین تعلیمی ادارے قائم کیے۔ جو آج بھی معاشرے کو علم کی روشنی سے منور کررہے ہیں۔ کانفرنس میں ہمدرد پبلک اسکول اور ہمدرد ویلج اسکول کی طالبات و مقررین رقیہ نوازہ، سمعیہ معین، مطیبہ یامین، عریش فاطمہ اور ماہین شاہد نے بھرپور تقاریر کیں جبکہ مختلف اسکولوں کے طلبہ مناہل، اقرا رحیم، مہیرہ فراز، اسد احمد قدوائی، رحمت مورلا اور کامران رضوان نے نعت خوانی کی۔کانفرنس کے اختتام پر محترمہ سعدیہ راشد اور محترمہ نوشابہ خلیل ستار نے نونہال سیدہ حورین ارسلان کی رسم بسم اللہ ادا کی ۔نونہال اسمبلی کی اسپیکر طالبہ ایشل رضوان نے میزبانی کے فرائض انجام دئیے۔
نوشابہ خلیل ستار
نبی کریمﷺ رشد و ہدایت کا ذریعہ ہیں: نوشابہ خلیل ستار
Oct 19, 2021