حافظ آباد(نمائندہ نوائے وقت)جشن عیدمیلادالنبیؐ کے سلسلہ میں حافظ آباد شہر کو مختلف دینی کاروباری اور سماجی تنظیموں کی جانب سے دلہن کی طرح سجادیا گیا۔ شاہراہوں اور چوکوںپر خانہ کعبہ اور گنبد خضری کے خوبصورت ماڈل سجادیئے گئے جبکہ سبز پرچموںکی بہار آئی دکھائی دے رہی ہے۔ اس سلسلہ میں مساجد اور گھروں میں محافل میلاد کے انعقاد کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔گذشتہ روز تھانہ سٹی میں بھی محفل میلاد کا انعقاد کیا گیا جس میں دعوت اسلامی کے مبلغین اور مفتی محمد جمیل نے سیرت طیبہ کے روشن پہلووںپر روشنی ڈالی ادھر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر حافظ آباد رانا سلیم احمد خاں نے کہا کہ عید میلاد النبیؐ کے موقعہ پر امن و امان اور دیگر انتظامات کے لیے آج ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے بھر پور اقدامات کیے گئے ہیں ضلع بھر سے نکالے جانے والے عید میلاد کے جلوسوں اور محافل کی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ شہر بھر اور بالخصوص جلوسوں کی گزر گاہوں کی صفائی ستھرائی کا خاص بندو بست کیا گیا ۔انہوں نے کہاکہ حکومتی ہدایات کے مطابق تمام سرکاری و نجی عمارتوں ، مساجد ،عوامی مقامات،چوکوں، چوراہوںپر چراغاں بھی کیا گیا ہے ۔