گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) پورے ملک کی طرح گوجرانوالہ میں بھی عید میلاد النبی ؐمنانے کی تیاریاں عروج پرپہنچ گئیں‘ شہر کے تمام گلیاں بازار رنگ برنگی جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سج گئی ہیں‘ شہر کی مساجد کے ساتھ ساتھ تمام سرکاری دفاتر اور اہم عمارات پر چراغاں کیاگیاہے جس سے رات کے وقت ماحول انتہائی جاذب نظر اور گلیاں بازار جگمگ کرتے نظر آتے ہیں۔عیدمیلاد النبی ؐکے موقع پر گوجرانوالہ میں آج 1200 سے زائد مقامات سے جلوس نکالے جائیں گے۔قدیمی مرکزی جلوس آج صبح 9 بجے جانشین ولی کامل مولانا پیر محمد داؤد رضوی کی زیر قیادت شیرانوالہ باغ سے نکالاجائے گا۔جو حسب سابق مقررہ گزرگاہوں سے ہوتا ہوا چوک میلاد مصطفٰے میں صلوۃ و سلام اور دعائے خیر کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا اور پھر رات کو اسی جگہ عظیم الشان مرکزی محفل میلاد منعقد ہوگی۔جس میں ملک کے نامور علماء کرام اور سیاسی و سماجی راہنما خطاب کریں گے۔اس کے علاوہ ادارہ تنظیم الاسلام کے زیر اہتمام مولانا محمد رفیق احمد مجددی کی قیادت میں بھی ایک بڑا جلوس نکالا جائے گا جو ماڈل ٹائون‘ چاندنی چوک‘ خراداں والا بازارو دیگر سڑکوں سے ہوتا ہوا واپس ماڈل ٹائون پہنچ کر اختتام پذیرہوگا۔
گوجرانوالہ: گلیاں بازار رنگ برنگی جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سج گئیں
Oct 19, 2021