راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) عید میلادالنبی ؐکے حوالے سے منعقدہ ایوان وقت میں اظہار خیال کرتے ہوئے سجادہ نشین خانقاہ حسینیہ پیر ثنااللہ حسینی ،مولانا ظہور احمد ، مولانا قاری صدیق نقشبندی ، صاحبزادہ سمیع اللہ حسینی ،ملک باسط علی اعوان ، منصور عبدالباری اورصاحبزادہ قاری عطاالمحسن الحسینی نے کہا ہے کہ نبی آخرالزمان ؐکی دنیا میں تشریف آوری سے انسانیت کو نور اور روشنی نصیب ہوئے ظلمت کے اندھیرے چھٹ گئے رحمتیں برکتیں ہرسو پھیل گئیں آپؐ رحمت اللعالمین بن کر دنیا میں تشریف لائے آج کائنات میں متبرک ترین دن انتہائی شان و شوکت سے مناتے ہوئے ہمیں یہ بھی عہد کرنا ہے کہ ہم سنت نبوی کی مکمل پیروی کریں گے اور ہمیں ہمہ وقت آپ ؐ کی سیرت مبارکہ پر عمل کرنا ہے امن ، اخوت ، محبت ، بھائی چارے کو عام کریں گے حضورؐ تشریف لائے تو دنیا کیلئے خوشیاں ، محبت لے کر آئے جہاں جہاں آپ نے قدم مبارک رکھا وہ شہر امن کا گہوارہ بن گیا اورہرسو خوشبو پھیل گئی ایوان وقت کے شرکاء نے کہا کہ ہمیں آج اپنے اعمال کا احاطہ کرکے یہ عہد کرنا ہے کہ اتباع رسول میں اپنی زندگیاں بسر کریں گے12 ربیع الاول کے روز زیادہ سے زیادہ درود شریف پڑھ کر نبی کریم ؐکو ہدیہ کریں گے عید میلاد کی خوشیاں مناتے ہوئے ہمیں پاکستان کی ترقی ، خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں بھی کرنی ہیں اور بھائی چارے اور اخوت کے جذبوں کو عام کرنا ہے عید میلاد پر ہم عہد کریں کہ آپس میں بھائی بھائی بن کر رہیں گے کمزوروں اوریتیموں کا خیال رکھیں گے اللہ تعالیٰ کے پیارے محبوب کی سیرت طیبہ پر عمل کرنے سے ہی ہماری کامیابیوں کے راستے کھلیں گے اسوہ حسنہ کی اتباع میں ہی ہمارے لئے دنیا کی بہترین زندگی اورآخرت کی منازل آسان ہوں گی ۔ سجادہ نشین خانقاہ حسینیہ پیر ثنااللہ حسینی نے ایوان وقت میں کہا کہ معمار نوائے وقت مجید نظامی مرحوم سے سوال پوچھا گیا تھا کہ آپ کی صحافت اور قلم میں تاثیر بہت ہے اس کی وجہ کیا ہے جس کا انہوں نے بیمثال جواب دیتے ہوئے کہا کہ تاثیر اسلئے ہے کہ میں نے اپنے قلم سے سب سے پہلے اللہ اور رسول پاکؐ کے اسمائے مبارکہ تحریر کئے جس سے صحافت میں عزت عطاء ہوئی سجادہ نشین خانقاہ حسینیہ پیر ثنااللہ حسینی نے مجید نظامی مرحوم کے جنت الفردوس میں بلندی درجات اور نوائے وقت کی دو قومی نظریہ کی نگہبانی کیلئے جاری خدمات میں خیروبرکت کی دعا کی۔