اسلام آباد، نئی دہلی (خبر نگار+ شہنوا) ملک بھر میں24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 32 کیس رپورٹ ہوئے اور کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا، منگل کوقومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے جاری ٹویٹ میں شیئر کئے گئے اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں 24گھنٹوں کے دوران7 ہزار597 کرونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے32 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، اس طرح مثبت کیسز کی شرح 0.42 فیصد رہی ہے۔ مزید برآں اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ40 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ جبکہ بھارت میں کروناکی قسم اومی کرون کی دو نئی ذیلی اقسام بی ایف.7 اور بی کیو۔1سامنے آگئی ہیں۔ مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست مہاراشٹرا میں اومی کرون ویرینٹ بی اے.20.3.2 اور بی کیو۔1 کی مزید ذیلی اقسام کے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جن کی پونے کے ایک مریض کے لیے گئے نمونے میں ملک میں پہلی بار تشخیص ہوئی ہے۔ جنوب مغربی ریاست مہاراشٹرسے ہی اومی کرون کی ایک اورذیلی قسم ایکس بی بی سامنے آئی ہے۔ یہ سب ویرینٹ اس سے پہلے جنوبی کیرالہ میں تشخیص ہوا تھا۔