پی آئی اے کے فضائی میزبانوں کے بیرون ملک غائب ہونے کا سلسلہ جاری


راولپنڈی( اکمل شہزاد سے)قومی ایئر لائن کے فضائی میزبانوں کے بیرون ملک پہنچ کر غائب ہونے کا سلسلہ جاری ہے، دوسال کے دوران 3خواتین سمیت 4فضائی میزبان کینیڈا میں غائب ہوئے ، غائب ہونے والوں میں پی آئی اے پیپلز یونٹی کاسابق سینئر وائس پریذیڈنٹ اعجاز علی شاہ بھی شامل ہے ،ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے اعجاز علی شاہ پی کے 781 کے ذریعے اسلام آباد سے کینیڈا پہنچا تھا، فضائی میزبان نے 16 اکتوبر کوواپس اسلام آباد روانہ ہونا تھا، فلائٹ اسٹیورڈ اعجاز علی شاہ کیخلاف تحقیقات کی جارہی ہیں انکوائری مکمل ہوتے ہی ملازمت سے فارغ کردیا جائیگا،ترجمان کا مزید کہنا ہے 2 برسوںکے دوران 7 ملازمین کو ملازمتوں سے برخاست کیا، برخاست ہونے والوں میں 3 خواتین فضائی میزبان بھی شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق کینیڈا میں پناہ لینے والوں میں صرف پاکستان نہیں دنیابھر کے افراد شامل ہیں اور جن ملکوں کی ایئر لائن اور سمندری جہازوںکو ڈائریکٹ رسائی حاصل ہے وہاں سٹاف کا غائب ہونا معمول کی بات ہے ، ماضی میں پاکستان کے کچھ کھلاڑی بھی کینیڈا پہنچ کر غائب ہو چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن