لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان کے پاس ماربل مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے کی بے پناہ صلاحیت ہے۔ اس وقت ماربل اور گرینائٹ کے تقریباً 350 ملین ٹن اور ماربل اور گرینائٹ پتھروں کی 64 اقسام کے بڑے ذخائر ہیں۔اس امر کا اظہار پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (PCJCCI) کے صدر معظم گھرکی نے ایک تھنک ٹینک سیشن کے دوران کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ماربل کی مصنوعات کو برآمد کر کے اربوں ڈالر کما سکتا ہے اور حکومت کو اس شعبے کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اس کی صلاحیت کو بروئے کار لانا چاہیے۔ پاکستان ماربل اور گرینائٹ کا چھٹا سب سے بڑا معدنیات نکالنے والا ملک ہے اور دنیا کی کان کنی کے نقشے پر ایک مقام رکھتا ہے۔ پی سی جے سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فانگ یولونگ نے مزید کہا کہ نان میکینائزڈ نکالنے سے ماربل کی 70 فیصد مصنوعات ضائع ہو رہی ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ ڈیوٹی فری مشینری کی درآمد کی اجازت دے تاکہ اس شعبے کو ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرنے اور برآمدات کو فروغ دینے میں مدد ملے۔
بجلی کی زیادہ قیمت، کان کنی کی فرسودہ تکنیکوں کا استعمال، فنانسنگ کی سہولت اور پروسیسنگ یونٹس کی کمی، کان کنی کے بڑے علاقوں میں امن و امان کے مسائل، بجلی کی عدم فراہمی، کانوں سے بندرگاہوں تک ناکافی انفراسٹرکچر، ویلیو ایڈیشن کا فقدان، نقل و حمل کی غلط سہولیات اور سپلائی چین کے مسائل وغیرہ بڑی رکاوٹیں ہیں جو اس صنعت کو مکمل ترقی کی صلاحیت سے روک رہی ہیں۔ انہوں نے اس شعبے کی ترقی کیلئے پبلک پرائیویٹ سیکٹر کی شراکت داری کی ضرورت پر زور دیا۔ نائب صدر حمزہ خالد نے کہا کہ حکومت ماربل ایکسپورٹرز کو عالمی تجارتی میلوں میں شرکت کیلئے مالی معاونت بھی فراہم کرے جس سے ملکی برآمدات میں بہتری آئے گی۔ اسے ممکنہ سرمایہ کاروں کو جدید کھدائی کی مشینری حاصل کرنے کے قابل بنانے کیلئے نرم قرضوں کو یقینی بنانا چاہیے۔ اسے افرادی قوت اور محفوظ اور صحت مند ماحول کیلئے تربیتی مراکز قائم کرنے میں بھی مدد ملنی چاہیے۔ سیکرٹری جنرل صلاح الدین حنیف نے کہا کہ چین مقامی ماربلز میں جوش و خروش سے دلچسپی رکھتا ہے انہوں نے وفاقی دارالحکومت میں ماربل سٹی کے قیام اور چین کے تعاون سے ملک میں مزید مشترکہ سہولت اور تربیتی مراکز (سی ایف ٹی سی) کے قیام کی تجویز دی۔