راولپنڈی( اکمل شہزاد سے)قومی ایئر لائن کے فضائی میزبانوں کا بیرون ملک پہنچ کر غائب ہونے کا سلسلہ جاری ہے، گذشتہ دوسال کے دوران 3خواتین سمیت 4فضائی میزبانکینڈا میں غائب ہوئے ، غائب ہونے والوں میں پی آئی اے پیپلز یونٹی کاسابق سنیئر وائس پریذیڈنٹ اعجاز علی شاہ بھی شامل ہے ،ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ اعجاز علی شاہ پی کے 781 کے ذریعے اسلام آباد سے کینیڈا پہنچا تھا، فضائی میز بان نے 16 اکتوبر کوواپس اسلام آباد روانہ ہونا تھا، فلائٹ اسٹیورڈ اعجاز علی شاہ کیخلاف تحقیقات کی جارہی ہیں انکوائری مکمل ہوتے ہی ملازمت سے فارغ کردیا جائے گا،ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ 2 سالوں کے دوران 7 ملازمین کو ملازمتوں سے برخاست کیا، برخاست ہونے والوں میں 3 خواتین فضائی میزبان بھی شامل ہیں، تمام ملازمین کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد کارروائی کی جائے گی، ٹورنٹو جانے والی پروازوں پر فضائی عملے سے ڈکلیئریشن لیا جاتا ہے،انہوں نے کہا کہ ٹورنٹو پہنچنے پرپاسپورٹ سٹیشن مینجر کے پاس جمع کرانا لازمی قراردیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ دوسال کے دوران غائب ہونے والے 7 فضائی مہمانوں نے کینیڈا میں پناہ لی، کینیڈا میں پناہ لینے والوں میں صرف پاکستان نہیں دنیابھر کے افراد شامل ہیں اور جن ملکوں کی ایئر لائن اور سمندری جہازوںکو ڈائریکٹ رسائی حاصل ہے وہاں سٹاف کا غائب ہونا معمول کی بات ہے کیونکہ دیگر ممالک کے مقابلے میں کینیڈا کے قوانین بہت نرم ہیں جو بھی شخص وہاں جا کر کوئی بھی وجہ چاہے وہ سیاسی پناہ کیلئے جان کا خطرہ، پسند کی شادی، مذہب تبدیلی جیسے بہانے بنا کر وہاںرہنے کی اجازت حاصل کر لیتے ہیں یہی وجہ ہے کہ پاکستان سمیت برصغیر یا دیگر ممالک سے افراد کینیڈا پہنچ کر غائب ہو جاتے ہیں ، ماضی میں اس سے قبل پاکستان کے کچھ کھلاڑی بھی کینیڈا پہنچ کر غائب ہو چکے ہیں۔