آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے حکومتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات

Oct 19, 2022


اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے چیف کوآرڈینیٹر رحمان علی باجوہ کی قیادت میں 13 اکتوبر 2022 کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے سامنے احتجاجی مظاہرے/دھرنے کے نتیجے میں حکومتی ٹیم کے ساتھ مذاکرات پلاننگ ڈویژن کے کمیٹی روم میں منعقدہوئے۔حکومت کی جانب سے وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمن خان کانجو، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سے اسپیشل سیکرٹری ڈاکٹر عصمت طاہرہ، ایڈیشنل سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈاکٹر نواز احمد، ڈپٹی سیکرٹری طاہر جمیل اورعتیق کھوکھر ممبر ایم ایس ونگ نے شرکت کی۔ چیف کوآرڈینیٹر اگیگا رحمان علی باجوہ نے سرکاری ملازمین کے درینہ مطالبات کو تفصیلی طور پر حکومتی وفد کے سامنے پیش کیا ۔جس میں ایگزیگٹو الاونس کی طرز پر محروم ملازمین گریڈ 1 تا 22 کی تنخواہوں میں اضافہ، صوبوں کی طرز پر فیڈرل کے گریڈ ا تا 16 کے ملازمین کی اپگریڈیشن،تمام کنٹریکٹ، ڈیلی ویجز، ایڈہاک، کنٹیجنٹ پیڈ اور  پی ایم اسسٹنٹ پیکیج پر کام کرنے والے ملازمین کی ریگولرائزیشن،  اور مہنگائی کی تناسب سے پینشنرز کی پینشن میں خاطرخواہ اضافہ و دیگر مسائل پر بات کی۔حکومتی وفد نے ملازمین کے مطالبات کو بڑی توجہ سے سنا اور تسلیم کیا کہ ملازمین کے مطالبات جائز اور آئینی ہیں حکومتی وفد نے یقین دلایا کہ وہ اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف  اور وزیر خزانہ جناب اسحاق ڈار  سے وطن واپسی پر ملکر مسئلے کوحل کروانے کی بھرپور کوشش کریں گے اور یقین دلایا کہ مذاکرات کا دوسرا دور وزیر خزانہ اور سیکریٹری خزانہ کہ آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد وطن واپسی پر فی الفور منعقد کیا جائے گا اور ملازمین کے مسائل کا حل نکالا جائے گا اور موجودہ وسائل کو دیکھتے ہوئے ہر صورت میں ملازمین کو ہر ممکن ریلیف دیا جائے گا۔رحمان علی باجوہ نیوفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمن خان کانجو کا  شکریہ ادا کیا اور واضع کیا کہ مطالبات کی منظوری اور عملدرآمد پر تمام سرکاری ملازمین  موجودہ حکومت   کے حق میں 8 نومبر 2022 کو کنوینشن منعقد کریں گے اور ملک دشمن قوتوں کو پیغام دیا جائے گا کہ تمام سرکاری ملازمین موجودہ ملک کو ترقی کی جانب گامزن میں حکومت کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہیں اور یہ بھی واضح کیا کہ اگر ملازمین کے مسائل حل نہیں کیے جاتے تو  08 نومبر 2022 کو  ہی پورے پاکستان کے صوبائی و وفاقی سرکاری ملازمین احتجاج نہیں بلکہ  فیصلہ کن دھرنا پارلیمنٹ ہاس کے سامنے دیں گے جو کہ مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا  ۔

مزیدخبریں