قومی اسمبلی کے ایک ہی اجلاس میں نو بل پیش کر دئیے گئے، ایوان میں ارکان کی تعداد انتہائی کم تھی اور اراکان کی طرف سے عدم دلچسپی کا بھی مظاہرہ کیا گیا، قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد، اقرا یونیورسٹی اسلام آباد اور چترال یونیورسٹی کے طلبا و طالبات نے قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی دیکھی۔ قومی اسمبلی میں جے یو آئی (ف) نے آئی جے پی روڈ کی تعمیر و مرمت کے کام کی وجہ سے عوام کو درپیش مسائل کا معاملہ اٹھا دیا۔ جے یو آئی (ف) کی رکن اسمبلی عالیہ کامران نے توجہ دلاﺅ نوٹس پیش کیا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرحمان کانجو نے کہا کہ منصوبے کا آغاز 15اکتوبر 2021ءمیں ہوا، اس کی تکمیل کی تاریخ 18مہینے ہے، منصوبے کی تعمیر میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہے اور یہ مقررہ مدت میں مکمل ہو جائے گا۔