لاہور (خصوصی نامہ نگار) کیتھڈرل چرچ لاہور میں ولادت نبی اکرم کی مناسبت سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء اور مولانا محمد عاصم مخدوم نے ملکر نبی آخر الزماں حضرت محمد کی ولادت کا کیک کاٹا۔ تقریب میں چیئرمین کمیشن برائے بین المذاہب آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاء،چیئرمین کل مسالک علماء بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم، رکن صوبائی اسمبلی سردار مہندر پال سنگھ، حافظ کاظم رضا نقوی، آغا صغیر عباس ورک، علامہ خالد محمود، مولانا یونس ریحان ،پادری عمائنول کھوکھر ودیگر نے کی شرکت کی۔چیئرمین کل مسالک علماءبورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم نے کہاکہ حضرت محمد نے دنیا کو امن اور رواداری کا پیغام دیا۔پیغمبر اسلام کی تعلیمات سے دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے۔آپ نے تمام مذاہب اور پوری انسانیت کے احترام کا درس دیا ہے۔چیئرمین قومی کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ نے کہاکہ تمام مذاہب اور مسالک اتحاد اور اتفاق کا درس دیتے ہیں پاکستان میں مذاہب کے درمیان رواداری کو فروغ مل رہا ہے۔ہم نے ملکر قیام امن کے لیے جد وجہد کی ہے۔ہمارا مشن پوری دنیا میں امن کا قیام ہے۔