امدادی سرگرمیاں‘ لائنز کلب اکاؤنٹ کی اجازت کے منتظر ہیں، ملک خدا بخش


کراچی(کامرس رپورٹر)وزارت داخلہ نے پاکستان میں سیلاب زدگان کے متاثرہ 100مکانات کی تزئین نو کیلئے لائنز کلب انٹرنیشنل MD305 پاکستان کے نام سے اکاؤنٹ کھولنے کیلئے منظوری دیدی ہے  تاہم سیکیورٹی اداروں کی بھی منظوری درکار ہے جس کیلئے ہم نے سیکریٹری داخلہ کو بھی خط لکھا ہے اور جیسے ہی اکاؤنٹ کھولنے کیلئے اجازت ملے گی تو لائنز کلب انٹرنیشنل فاؤنڈیشن(LCIF) کی جانب سے موصول ہونے والے2لاکھ ڈالر اکاؤنٹ میں منتقل ہوجائیں گے اور متاثرہ علاقوں میں مکانوں کی ازسرنو مرمت کا کام شروع کردیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار لائنز کلب انٹرنیشنل کے مقرر کردہ گرانٹ ایڈمنسٹریٹر ملک خدابخش نے کونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹ(سیج)کے عہدیداران اور ممبران کے اعزاز میں مقامی ہوٹل میں دیئے گئے ظہرانے میں گفتگو کے دوران کیا۔ظہرانے میں سیج کے صدر راجہ کامران،سیکریٹری کاشف منیر ودیگربھی موجود تھے۔ ملک خدا بخش نے بتایا کہ انہوں نے پاکستان میں لائنز کلب انٹرنیشنل کے پلیٹ فارم سے سماجی خدمات کیلئے زندگی کا وسیع تر حصہ وقف کیا ہے اورلائنز کلب انٹرنیشنل کے صدر کی جانب سے میری انہی سماجی خدمات کے پیش نظر انٹرنیشنل پریذیڈنٹ ایوارڈ2022دیا گیا ہے جو دنیا بھر میں چیدہ چیدہ افراد کو ہی دیا گیا ہے اور یہ ایوارڈ میرے لئے ہی نہیں بلکہ پاکستان کیلئے بھی انتہائی اعزاز کا سبب ہے۔ملک خدا بخش نے بتایاکہ لائنز کلب انٹرنیشنل فاؤنڈیشن (ایل سی آئی ایف) نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں شدید ترین متاثرہ 100 مکانات کی ازسرنو تعمیر کیلئے 2 لاکھ امریکی ڈالر کی گرانٹ دے دی ہے اور 100گھروں کی مرمت کیلئے ایک کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے،اس کے علاوہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے اب سوئیڈش لائنز کلب نے  5 کروڑ روپے  مالیت کے304 خیمے پاکستان بھیجے جو این ڈی ایم اے اور پاک افواج کی نگرانی میں بلوچستان اور سندھ کے مختلف علاقوں میں  لگائے گئے،ہم پاکستان آرمی،این ڈی ایم اے اورپاکستان رینجرز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہماری ٹیم کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ میرے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ لائنز کلب انٹرنیشنل نے پاکستان میں سیلاب سے متاثر افراد کی مدد کیلئے میری سربراہی میں ایک مستند کمیٹی قائم کی ہے،کونسل چیئرمین ارشد محمود کو اس کمیٹی کاپروجیکٹ چیئرمین مقرر کیا گیا ہے،یہ کمیٹی جگہ کا تعین کرے گی اور بعد ازاں مکانات کے تعمیراتی کام کیلئے کنسٹرکشن کمپنی اورآڈٹ فرم کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
،ضرورت پڑنے پر لائنز کلب انٹرنیشنل گرانٹ میں اضافہ بھی کرسکتا ہے لیکن پہلے اس فنڈز کے استعمال کیلئے پاکستان میں اکاؤنٹ کا کھلنا ضروری ہے۔ایک سوال کے جواب میں ملک خدا بخش نے بتایا کہ ہم نے 2005 میں زلزلے سے متاثرہ مظفرآباد میں 177مکانات کی تعمیر کرائی جبکہ 2010میں سیلاب  سے ہونے والی تباہی میں بحیثیت گرانٹ ایڈمنسٹریٹر چاروں صوبوں میں 248 مکانات کی ازسرنو تعمیر کا کام مکمل کیا یہی وجہ ہے کہ لائنزکلب انٹرنیشنل نے ایک بار پھر مجھ پر بھروسہ کرکے نئی ذمہ داریاں دی ہیں اورجیسے ہی ہمیں سیکیورٹی منظوری حاصل ہوگی تو ہم لائنزکلب انٹڑنیشنلMD305کے نام سے اکاؤنٹ کھلواکرکام کا آغاز کردیں گے۔ صدر سیج راجہ کامران نے کہا کہ کونسل آف اکنامک اینڈانرجی جرنلسٹ کا مقصد ہمارے صحافیوں کی اسکلڈز کو بڑھانا، آپس میں بیٹھنا اور لوگوں کے مسائل کو حل کرنا ہے۔سیکریٹری سیج کاشف منیر نے کہا کہ لائنز کلب اچھا کام کررہا ہے تو اسے میڈیا میں جگہ ملنی چاہیئے ۔سیکریٹری اطلاعات مسعوداحمدصدیقی نے  لائنز کلب انٹرنیشنل کی جانب سے ملک خدا بخش کو انکی بہترین سروسز پرصدارتی ایوارڈ ملنے پر مبارکباد پیش کی۔

ای پیپر دی نیشن