یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ میں3اکیڈمک بلاک بنیںگے: کمشنرگوجرانوالہ


گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی ) کمشنر غلام فرید نے کہا ہے کہ 400 ایکڑ رقبہ پر یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز مجموعی طور پر 17 ارب روپے کا منصوبہ ہے، سول ورکس پر 5 ارب 70 کروڑ روپے لاگت آئے گی، یونیورسٹی میں 7 منزلہ تین اکیڈمک بلاک بنائے جائیں گے، ایڈمن بلاک، لائبریری، کیفے ٹیریا، گرلز و بوائز ہاسٹل، پی ایچ ڈی ہاسٹل، رہائشگاہیں، 6 کلومیٹر طویل چار دیواری اور ساڑھے تین کلو میٹر سڑکیں بھی منصوبہ کا حصہ ہیںان خیالات کا اظہار انہوں نے سمبڑیال میں یونیورسٹی کے تعمیراتی کام کا معائنہ کرنے کے موقع پر کیا، ڈپٹی کمشنر عبداللہ خرم نیازی، اے سی سمبڑیال ماہین فاطمہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبدالروف بھی موجود تھے جبکہ پراجیکٹ ڈائریکٹر عاصم سلہری نے بریفنگ دی،انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجیزمیں اکیڈمک، ایڈمن بلاک سمیت تمام بلڈنگز پر بیک وقت کام شروع کر دیا گیا ہے، ابتک فزیکل پراگریس 5.7 فیصد ہے، منصوبہ کی بروقت تکمیل سے گولڈن ٹرائی اینگل میں صنعتی ترقی کے فروغ کا باعث بنے گا،  کمشنر غلام فرید نے کہا کہ یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجیز کی بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، گیپکو پولز کی شفٹنگ کے لیے ڈیمانڈ نوٹس جمع کرا دیا گیا ہے، ایریگیشن، ماحولیات سمیت دیگر محکموں کے متعلقہ ایشوز کو فوری حل کیا جائے گا اور درکار فنڈز کے لئے حکومت پنجاب سے درخواست کی جائے گی ۔

ای پیپر دی نیشن