ڈالر 3 روپے مہنگا ہو کر 280 پر واپس‘ سونا کی قیمت میں 6400 روپے تولہ اضافہ

کراچی (کامرس رپورٹر) انٹربنک میں ڈالر مزید مہنگا ہونے لگا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3 روپے مہنگا ہونے کے بعد دوبارہ گزشتہ روز کی قیمت پر آگئی۔ انٹربنک میںڈالر کی قیمت میں 2 روپے97 پیسے مزید بڑھ کر 280 روپے تک پہنچ گئی جبکہ دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر 3 روپے مہنگا ہوکر 280 روپے کا ہوگیا لیکن کاروبار کے اختتام پر سٹیٹ بنک آف پاکستان کے مطابق انٹربنک میں ڈالر20 پیسے کے اضافے سے 277.03 روپے پر بند ہوا جبکہ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق بدھ کو اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 280 روپے پر پہنچنے کے بعد کاروبار کے اختتام پر واپس277روپے پر آگئی۔ یورو کی قدر 294 روپے اوربرطانوی پاﺅنڈ کی قدر 342 روپے پر مستحکم رہی۔ اس کے ساتھ ہی سعودی ریال کی قیمت فروخت 74.20 روپے اور یو اے ای درہم کی قیمت فروخت 76.20 روپے پر برقرار رہی۔ علاوہ ازیں فاریکس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک محمد بوستان نے کہا ہے کہ ڈالر کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاون کے مثبت اثرات سامنے ضرور آئے ہیں کیونکہ عوام اور ایکسپورٹرز نے ایکسچینج کمپنیوں کو بڑی تعداد میں ڈالر فروخت کئے۔ امپورٹرز کی جانب سے ایل سیز کے لیے ڈالر میچور کرانے کی وجہ سے انٹر بنک میں تھوڑی ڈیمانڈ بڑھی ہے لیکن آئندہ دنوں میں انٹر بنک میں ڈالر کمزور ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے ترسیلات زر میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں بدھ کو ایک بار پھر بڑا اضافہ ہوگیا۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق بدھ کے روز ایک تولہ سونا 6 ہزار 400 روپے مہنگا ہوا جس کے بعد تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 6 ہزار 500 روپے ہو گئی۔

ای پیپر دی نیشن