اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی) پاکستان نے ابابیل ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کر لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق میزائل سسٹم کا مقصد خطے میں سٹریٹیجک استحکام کو بڑھانا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ویپن سسٹم لانچنگ کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، سٹریٹیجک پلانز ڈویژن، سٹریٹیجک فورسز کمانڈ کے سینئر افسران، سائنسدانوں اور انجینئرز نے دیکھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس تجربے کا مقصد مختلف ڈیزائن، تکنیکی پیرا میٹرز اور ہتھیاروں کے مختلف نظاموں کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کامیاب تجربے میں تعاون پر تمام لوگوں کی تکنیکی صلاحیت، لگن اور عزم کو سراہا۔ علاوہ ازیں صدر، وزیراعظم پاکستان اور سروسز چیفس نے بھی اس کامیابی پر سٹریٹیجک فورسز کے تمام ارکان کو مبارکباد دی۔
ابابیل ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ، میزائل سسٹم کا مقصد خطے میں سٹرٹیجک استحکام بڑھانا ہے: آئی ایس پی آر
Oct 19, 2023