لاہور‘ فیصل آبا (نیوز رپورٹر + نمائندہ خصوصی) وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ پیداوار میں 3گنا اضافے کے لئے گندم، گنا اور سویا بین کے بیج تیار ہیں۔ گندم، گنا اور سویا بین کے نئے بیجوں سے فصلوں کی پیداوار میں 3گنا اضافہ ہوگا۔ پاکستان کی ترقی صرف اور صرف زراعت سے ہوسکتی ہے۔ زراعت ٹھیک ہوگی تو سب ٹھیک ہوجائے گا۔زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہاکہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اورمعروف امریکن یونیورسٹی باہمی اشتراک سے سیڈ ڈویلپمنٹ پر کام کررہی ہیں۔ گندم سیڈ کا 2سال سے ٹیسٹ رن کیا جارہا ہے جس کے بہت اچھے رزلٹ مل رہے ہیں۔ بیج کی منظوری کے لئے جو بھی کرنا پڑا کریں گے۔ بیج کی 3گنا زیادہ پیداوار دینے سے مثبت معاشی تبدیلی آئے گی۔ انشاءاللہ اگلے سال تک بیج ہر کسان تک پہنچ جائے گا۔ نئے بیج بنانے کا کریڈٹ زرعی یونیورسٹی کے پروفیسرز کو جاتا ہے۔ ہم بیجوں کو کسان تک پہنچانے کے لئے ہر اقدام کریں گے۔ ازبکستان کا دورہ کیا، پتہ چلا کہ وہ پاکستان سے بیج لے کر گئے، ریسرچ کرکے اپنی پیداوار 3گنا بڑھا چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کابینہ کے ہمراہ فیصل آباد انڈسٹریل سٹیٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میں فیڈمک مینجمنٹ آفس کا سنگ بنیاد رکھا۔ چین کے قائم مقام قونصل جنرل چاو¿ کی نے فیڈمک پہنچنے پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کو فیڈمک مینجمنٹ آفس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پودا لگا کر شجرکاری کا رسمی افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فیڈمک میں 10سال سے زیرتعمیر ہسپتال کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی او رکابینہ ارکان نے Vivoموبائل فیکٹری کا بھی دورہ کیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ فیڈمک میں کام کرنے والے چینی دوستوں کے لئے تحفتاً کلب قائم کیا جائے گا۔ چینی حکام کا پولیس کے سپیشل پروٹیکشن یونٹ کے 200 اہلکاروں کو چینی زبان سکھانے پرشکریہ ادا کرتا ہوں۔ محسن نقوی اورکابینہ ارکان کی موجودگی میں فیصل آباد سیف سٹی پراجیکٹ کا سنگ بنیاد شہید سب انسپکٹر اعجاز مقبول کے بیٹے معاذ اور بیٹی عبیرہ نے سیف سٹی پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے شہید سب انسپکٹر اعجاز مقبول کے بیٹے معاذ اور بیٹی عبیرہ سے شفقت کا اظہار کیا۔ وزیراعلی پنجاب نے فیصل آباد کی چار بڑی سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور ری ماڈلنگ کی منظوری دے دی۔ سرگودھا روڈ، جھنگ روڈ، سمندری روڈ کی تعمیر ومرمت کے لئے فوری پلان طلب کرلیا۔ وزیراعلی محسن نقوی کی زیر صدارت کمشنر آفس میں اعلی سطح اجلاس میں فیصل آباد شہر کی سڑکوں کا پیچ ورک کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے فیصل آباد کی سٹرکوں کی تعمیر ومرمت کے لئے فنڈز کے اجراءکی ہدایت کردی۔ محسن نقوی نے فیصل آباد میں کمشنر کمپلیکس کی تزئین، تعمیرومرمت کے پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پنجاب کابینہ کے ہمراہ کمشنر کمپلیکس کا دورہ کیا۔ کمشنر فیصل آباد نے کمپلیکس کے بارے میں بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی سے فیصل آباد سمال ٹریڈرز ایسوسی ایشن اور پاور لومز ایسوسی ایشن کے وفود نے ملاقات کی۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے ڈویژنل پبلک سکول فیصل آباد کا دورہ اور ڈی پی ایس آٹزم سنٹر کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے آٹزم کے مرض میں مبتلا بچوں سے ملاقات کی اور شفقت کا اظہار کیا۔ محسن نقوی ڈجکوٹ کے نواحی گا¶ں میں زیادتی کے بعد قتل کی جانے والی 6 سالہ بچی کے گھر پہنچ گئے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کمسن بچی کے والدین اور دیگر اہل خانہ سے ملاقات کی۔ وزیر اعلی نے افسوسناک واقعہ پر والد اور والدہ کو دلاسہ دیا اور انصاف فراہم کرنے کا وعدہ کیا۔ نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے شہباز نگر فیصل آباد میں کرکٹ کے ہائی پرفارمنس سنٹر کا افتتاح کر دیا۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے انڈور کرکٹ پریکٹسنگ ہال میں بیٹنگ کی۔ صوبائی وزیر بلال افضل، انسپکٹر جنرل پولیس، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب نے بھی انڈور ہال میں بلے بازی کی۔ وزیراعلی محسن نقوی اور دیگر کو آٹو میٹک مشین کے ذریعے باولنگ کرائی گئی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے ہائی پرفارمنس سنٹر کے مختلف شعبے دیکھے۔