اسرائیلی بمباری جنگی جرم، عالمی برادری کی خاموشی قاتل کی مدد ہے: شہباز شریف، مریم نواز، حمزہ

Oct 19, 2023

اسلام آباد +لاہور (خبر نگار+نیوز رپورٹر+این این آئی) مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر و چیف آرگنائزر مریم نواز نے غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی اور شہادتوں پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں مریم نواز نے کہا کہ بچوں، خواتین اور ہسپتال میں زیر علاج لوگوں پر بم برسانا بربریت کی انتہا ہے، نہتے شہریوں کا قتل اس لئے ہو رہا ہے کہ وہ مسلمان ہیں؟۔ یہ سوچ انسانی ہے نہ ہی عالمی قانون کی پاسداری ہے۔ صیہونی ریاست بے گناہوں کا لہو بہا کر جنگی جرائم کر رہی ہے، اسرائیلی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی قاتل کی مدد کرنا ہے۔ عالمی برادری انسانی حقوق میں مسلمان اور غیرمسلم کا امتیاز کرے گی تو دنیا کی تباہی یقینی ہے۔ ملبے کا ڈھیر غزہ اصل میں عالمی ضمیر کے ملبے کا ڈھیر بن جانا دکھائی دیتا ہے۔ مسلمان ممالک انسانیت سوز مظالم رکوانے کے لئے اپنی اخلاقی، دینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری کریں۔ مسلم لیگ (ن) نے غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی بمباری سے 800 سے زائد فلسطینیوں کی شہادت کے سوگ میں پارٹی قائد نواز شریف کی آمد کے سلسلے میں نئے ترانے کے اجراءکی تقریب منسوخ کر دی۔ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ایک تقریب میں پارٹی ترانہ جاری کرنا تھا۔ علاوہ ازیں ٹویٹ میں شہباز شریف نے معصوم فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج کی بمباری پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہسپتال پر اسرائیلی حملے میں پانچ سو سے زائد معصوم فلسطینی جانوں کی شہادت سے صدمے کا سامنا ہے۔ شہید ہونے والوں میں زیادہ تر بیمار بچے، خواتین اور بوڑھے تھے۔ اسرائیل کی نسل پرست ریاست بین الاقوامی قوانین کی پرواہ کیے بغیر فلسطینیوں کی بدترین نسل کشی کر رہی ہے۔ جنگی جرائم کے ارتکاب کی حوصلہ افزائی کرنے والے بھی اس قتل عام میں برابر کے مجرم ہیں جنہیں تاریخ کبھی نہیں بھولے گی۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ کے ہسپتال پر اسرائیلی بمباری انسانیت کے خلاف گھناﺅنا جرم ہے۔ دنیا صیہونی ریاست کی اس ظلم اور بربریت سے آنکھیں کیوں چرا رہی ہے۔ عورتوں، بچوں، بوڑھوں اور معصوم لوگوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ مسلم ممالک، اقوام متحد ہو کر اس ظلم و بربریت کا راستہ روکیں۔

مزیدخبریں