اس ہفتے کنگ عبدالعزیز پبلک لائبریری نے ایک نئی کتاب جاری کی ہے جس کا عنوان’’ دا کنگڈم آف سعودی عربیہ ان لائٹ آف انڈین ٹریول بکس‘‘ ہے۔ یہ کتاب صہیب عالم نے لکھی ہے۔ اس کتاب کا پہلا ایڈیشن 2023 میں شائع کیا گیا تھا۔ یہ لائبریری کے شعبہ اشاعت و ترجمہ کی کاوش ہے۔درمیانے سائز کے 580 صفحات پر مشتمل یہ کتاب بھارتی سکالرز، محققین اور مسافروں کے مکہ، مدینہ اور جزیرہ نما عرب کے سفر کے بارے میں لکھی گئی ہے۔ اس میں سفری کتابوں سے متعلق بات کی گئی ہے۔ ان کتابوں میں سب سے پرانی کتاب 1593 عیسوی کی ہے۔ اس میں شیخ عبد الحق المحدث دھلوی کے سفر حج کو بیان کیا گیا۔ مصنف بتاتے ہیں کہ برصغیر پاک و ہند میں بولی جانے والی متعدد زبانوں میں 112 سفری کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔کتاب اس بات پر بھی روشنی ڈالتی ہے کہ سعودی عرب بالعموم اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ بالخصوص ہندوستانی مسلمانوں میں ایک بلند مقام رکھتے ہیں۔