گو کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے تاحال ملک میں عام انتخابات کا حتمی شیڈول جاری نہیں کیا گیا مگر عام انتخابات کے متوقع شیڈول کے پیش نظر سیاسی ہلچل محسوس ہونا شروع ہوگئی ہے جہاں بیشتر سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے عام انتخابات کا باقاعدہ شیڈول جاری کرنے کیلئے دباو بڑھانا شروع کردیا ہے وہیں سیاست دانوں اور امیدواران کی عوامی رابطہ مہم کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے۔ امیدواران اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں متحرک ہونا شروع ہوگئے ہیں اور خوشی غمی کی ہر تقریب میں حاضری لگواتے دکھائی دیتے ہیں۔ بعض مقامات پر عوام کی جانب سے مہنگائی اور دیگر مسائل کی بنا پر بیشتر سیاسی رہنماوں کو بھی آڑے ہاتھوں بھی لیا جاری ہے اور اس بار بیشتر امیدواران کو انتخابی مہم میں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑرہا ہے۔ پی ٹی آئی کے امیدواران تاحال سیاسی سرگرمیاں شروع نہیں کر پائے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی پر انکے استقبال کو کامیاب بنانے کیلئے لیگی رہنماوں و عہدیداران کی جانب سے ہر قومی و صوبائی حلقے میں ورکرز کنونشن منعقد کئے جارہے ہیں جہاں ورکرز کو 21 اکتوبر کو بڑی تعداد میں لاہور پہنچنے کی تحریک دی جارہی ہے اور بعض امیدواران کی جانب سے عوام کیلئے پرکشش آفرز بھی سامنے آرہی ہیں مسلم لیگ ن کی ان تمام سرگرمیوں کے باعث جنوبی پنجاب میں بھی سیاسی ماحول میں قدرے تیزی آئی ہے ملتان سمیت تمام شہریوں میں میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے استقبالی بینرز ،پینا فلیکس اور بل بورڈز لگائے جارہے ہیں۔ گزشتہ روز ملتان میں منعقدہ ورکرز کنونشن میں مسلم لیگ ن کے رہنماءرانا ثناءاللہ نے بھی شرکت کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں میاں محمد نواز شریف واحد امید ہیں انہوں نے اپنی سیاسی بصیرت سے پہلے بھی پاکستان کو بحرانوں سے نکالا تھا اور اب 21 اکتوبر کو واپس آکر میاں نواز شریف ایک بار پھر ملک کو واپس ٹریک پرلائیں گے، میاں نواز شریف نے عالمی دباو مسترد کرتے ہوئے ملک کو ایٹمی قوت بنایا ہمیں ایسی بہادر ویژنری قیادت کی ضرورت ہے۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سانحہ کارساز کی یاد میں ملک کے دیگر علاقوں کی طرح ملتان میں بھی کارکنوں کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا جسمیں سانحہ کارساز کراچی کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کیا گیا، پارٹی سیکرٹریٹ میں شمعیں روشن کی گئیں۔اس حوالے سے اس موقع پرجیالوں کا کہنا تھا کہ جمہوریت اور سیاست میں سب سے بڑی قربانی پیپلز پارٹی نے دی ہے ”سانحہ کارساز“ پاکستانی تاریخ میں دل کو دہلا دینے والا افسوسناک سانحہ ہے۔ عوام کے سمندر نے شھید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کا تاریخی استقبال کیا ،18 اکتوبر 2007 کی کامیابی کی یہ شام جمہوریت کے دشمنوں سے برداشت نہ ہو سکی اور بی بی شہید کو ہم سے چھیننے کیلئے ایک ہی وقت میں 177 کارکنان شہید کر دیئے گئے اور ہزاروں زخمی ہوگئے لیکن قائد محترمہ بینظیر بھٹو اس حادثے میں محفوظ رہیں۔ اتنے بڑے سانحے سے نہ وہ پھر بھی دباو میں نہ آئیں۔انکے بہادر جیالے بھی نہ ڈرے، بی بی اگلے ہی دن اپنے کارکنان کے درمیان عیادت کیلئے پہنچیں جہاں جیالوں کا جذبہ پہلے سے بھی زیادہ موجزن دکھائی دے رہا تھا کہ کوئی جماعت کبھی بھی پیپلزپارٹی کے قائدین اور اسکے جیالوں کی جدوجہد اور قربانیوں کا مقابلہ کبھی نہیں کرسکتی،بھٹو شہید کی جماعت نے اس دھرتی کیلئے اپنی جان کے نذرانے پیش کئے ہیں۔
سانحہ کارساز کی کے شہدا کی یاد میں ہر سال 18 اکتوبر کو پیپلزپارٹی کی تقریبات ہوتی ہیں اس سال 18 اکتوبر کو سانحہ کارساز کے تمام اجتماعات کو چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان سے منسوب کیا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور فلسطینی سفیر نے ان اجتماعات سے خطاب کیا۔ ملتان میں بھی سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کی صدارت میں گیلانی ہاوس میں تقریب منعقد ہوئی۔جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور فلسطینی سفیر نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ سانحہ کارساز کے شہداءنے ناقابلِ فراموش داستان رقم کی ، جو اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ پاکستانی قوم جمہوریت کی خاطر ہر مشکل کا سامنا کرنے اور جیتنے کا عزم رکھتی ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن عوام کو بنیادی حقوق اور روزگار کے مواقع فراہم کرکے پاکستان کو عالمی سطح پر جمہوری اور معاشی طاقت بنانا تھ،وعدہ کرتا ہوں ہم شہید بی بی کے ویڑن کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سانحہ کارساز کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں ،اس سانحہ کے وقت بی بی شہید کے ساتھ موجود تھا اگر دیکھا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے خوفزدہ ہونے کی بجائے اگلے ہی روز اپنے شہید کارکنوں کے گھروں میں جاکر تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔ تقریب میں سابق اراکین اسمبلی سید علی موسیٰ گیلانی ،سید علی حیدر گیلانی پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ رضوان عالم,سٹی صدر ملک نسیم لابر,خالد حنیف لودھی، ضلعی نائب صدر صادق خان بلوچ, ایم سلیم راجہ،ضلعی جنرل سیکرٹری راو ساجد علی, سٹی جنرل سیکرٹری اے ڈی خان بلوچ, پی وائی او جنوبی پنجاب کے صدر سید عارف شاہ,سینئر نائب صدر سٹی ساجد خان بلوچ, سٹی نائب صدر نعیم شہزاد بھٹی,سٹی سیکرٹری انفارمیشن خواجہ عمران, ضلعی سیکرٹری انفارمیشن چوہدری یاسین تحصیل سیکرٹری انفارمیشن رانا ذوالفقار کے ٹی جی, شیخ عمران خالد ٹیپو و دیگر کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔