مصر کے سٹار فٹبالر محمد صلاح نے اسرائیلی سفاکیت کے شکار فلسطینیوں کے حق میں انتہائی جذباتی ویڈیو پیغام جاری کر دیا.سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں غزہ پر اسرائیلی بربریت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے محمد صلاح کا کہنا ہے کہ ایسے وقت میں بات کرنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، اسرائیلی حملوں میں بہت تشدد اور بے انتہا بربریت ہے، حماس اسرائیل تنازع میں شدت ناقابل برداشت ہے۔سٹار فٹبالر نے کہا ہے کہ تمام زندگیاں مقدس، ان کا تحفظ ہونا چاہیے اور قتل و غارت گری بند ہونی چاہیے، کئی خاندان ٹوٹ کر بکھر رہے ہیں، اس وقت یہ بات انتہائی ضروری ہے کہ فوری طور پر غزہ کیلئے انسانی امداد کی اجازت دی جائے، وہاں کے لوگ انتہائی مشکلات سے دوچار ہیں۔محمد صلاح نے مزید کہا ہے کہ گزشتہ رات ہسپتال کے مناظر بھی دل دہلا دینے والے تھے، غزہ کے لوگوں کو خوراک، پانی اور دوائیوں کی ضرورت ہے، عالمی برادری آگے آئے اور معصوم لوگوں کے مزید قتل عام کو روکنے کیلئے کردار ادا کرے، انسانیت کو ہی غالب آنا چاہیے۔
— Mohamed Salah (@MoSalah) October 18, 2023