قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کی پاکستان کرکٹ بورڈ سے ایک بار پھر اختلافات کی خبریں سامنے آنے لگی ہیں۔رپورٹ کے مطابق سینئر اور جونیئر سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین پی سی بی سے ناخوش ہیں، پاکستان انڈر 19 ٹیم کے ہیڈ کوچ کی تقرری پر اختلافات پیدا ہوئے۔ پی سی بی نے شاہد انور کو انڈر 19 ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا ہے جبکہ پی سی بی نے انضمام الحق کی تجویز پر محمد یوسف کو کوچ مقرر کرنے کی حامی بھری تھی۔ذرائع کے مطابق انضمام الحق کے اس سے قبل بھی کئی ایک معاملات پر اختلافات پیدا ہوئے تھے۔ذرائع کاکہنا ہے کہ چیف سلیکٹر انضمام الحق کا چند ہفتے قبل ہی 25 لاکھ روپے ماہانہ پر 3 سالہ معاہدہ ہوا ہے جو انہوں نے اپنی پسند اور شرائط کے مطابق کیا تھا۔چیف سلیکٹر کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق پی سی بی سے الگ ہونے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔اس سے قبل محمد حفیظ ٹیکنیکل کمیٹی کی رائے کو اہمیت نہ دیے جانے پر الگ ہو چکے ہیں جبکہ ٹیکنیکل کمیٹی کے ہیڈ مصباح الحق کو بھی اب دلچسپی نہیں رہی ہے اور اب ان کا بھی پی سی بی سے وابستہ رہنا مشکل ہے۔
انضمام الحق کےپی سی بی سے پھر اختلافات
Oct 19, 2023 | 13:14