اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر مظالم کا سلسلہ تھم نہ سکا ، غزہ میں اسرائیلی فوج نے ایک ہی روز میں مزید 433 فلسطینی شہید ہو گئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار ہو گئی ۔عالمی سفارتی کوششیں بھی اسرائیلی بربریت کو کم نہ کر سکیں ، غزہ میں اسرائیلی فضائیہ نے 24 گھنٹے کے دوران ایک اور ہسپتال اور مسجد کو نشانہ بنایا ، مغربی علاقے میں واقع ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر اور القدس ہسپتال کے قریبی علاقے پر 30 منٹ تک رہائشی عمارتوں اور سڑکوں پر بمباری کی گئی ، بموں کے ٹکڑے ہلال احمر کے ہیڈکوارٹر میں بھی گرے، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق القدس ہسپتال میں 8 ہزار پناہ گزین موجود ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق الشفا ہسپتال کے نواحی علاقے کو بھی بمباری کا نشانہ بنایاگیا جس میں بڑے پیمانے پر شہادتیں ہوئیں ، غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں دو گھروں پر اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے بمباری کی گئی، ایک واقعہ میں 27 اور دوسرے میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد شہید اور 15 زخمی ہوئے۔اقوام متحدہ کے تحت خان یونس میں چلنے والے سکول پر بھی بمباری کی گئی جس سے کئی افراد شہید ہوئے جبکہ قریب ہی گھربھی تباہ کیا گیا۔یاد رہے کہ اسرائیل نے انتہائی گنجان آباد غزہ کی پٹی کی مکمل ناکہ بندی کر رکھی ہے، غزہ کی جانب خوراک اور ادویات کی ترسیل روک دی گئی ہے اور تمام گزرگاہوں کو بند کردیا گیا ۔ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار ہو گئی ہے جبکہ اسرائیلی بربریت میں بچوں اور عورتوں سمیت اب تک 13 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو ئے ہیں ۔اقوام متحدہ کے مطابق غزہ پر بمباری کے بعد وہاں سے قریبا 10 لاکھ فلسطینیوں نے نقل مکانی کی ہے۔
غزہ کے پناہ گزین کیمپ پرحملہ،مزید 433 فلسطینی شہید
Oct 19, 2023 | 14:37