گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فیلڈ ٹیمیں متحرک ہیں۔ صحت دشمن عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے سٹی ایریا، وزیرآباد،علی پور چٹھہ سمیت ضلع بھر میں گرینڈ آپریشن کیا جس میں 22اسنیکس اور نمکو یونٹس کی چیکنگ کی گئی جبکہ10 کو 3لاکھ 35ہزار کے جرمانے عائد کرتے ہوئے580لیٹر زائد استعمال شدہ آئل، 120کلو مضر صحت نمکو، 48کلو کھلے رنگ اور 50کلو غیرمعیاری اشیاء تلف کردی گئیں۔سابقہ دی گئی ہدایات پر عمل درآمد نا کرنے اور لازم ریکارڈ کی عدم دستیابی پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ معروف پوائنٹس میں صفائی کے انتہائی ناقص حالات، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں کی جارہی تھیں۔ نمکو اور سنیکس فرائنگ کے لیے زائد استعمال شدہ آئل استعمال کیا جارہا تھا۔ عاصم جاوید کے مطابق معمولی نقائص پر6فوڈپوائنٹس کو وارننگ نوٹسسز جاری کردیے گئے۔ اشیاء مضر صحت اور غیرمعیاری قرار دیے جانے پر موقع پر ہی تلف کی گئیں۔ بچوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والے رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ فوڈ پوائنٹس کی کسی بھی وقت سرپرائز چیکنگ کی جاسکتی ہے۔