لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان شاہینز اے سی سی مینز ٹی ٹونٹی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں آج اپنا پہلا میچ بھارت اے کیخلاف کھیلے گی۔ پاکستان شاہینز گروپ بی میں انڈیا اے، متحدہ عرب امارات اور میزبان اومان کیساتھ ہے جبکہ گروپ اے میں بنگلہ دیش اے سری لنکا اے ہانگ کانگ اور افغانستان اے شامل ہیں۔ محمد حارث کی قیادت میں پاکستان شاہینز ٹیم 21 اکتوبر کو میزبان اومان سے مقابلہ کریگی جبکہ تیسرا گروپ میچ 23 اکتوبر کو متحدہ عرب امارات کیخلاف ہوگا۔کپتان محمد حارث نے کہا کہ ٹورنامنٹ سکواڈ کے تمام کھلاڑیوں کیلئے موقع ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں۔ ہمارے تینوں گروپ میچز ہماری صلاحیتوں کو جانچنے اور دباؤ میں مقابلہ کرنے کا موقع فراہم کریں گے کیونکہ ہم جن ٹیموں کا سامنا کر رہے ہیں وہ بہت زیادہ مسابقتی ہیں اور جو فارمیٹ ہم کھیل رہے ہیں اس کیلئے کھیل کے تمام مراحل کے دوران مستعدی کی ضرورت ہوتی ہے۔ ہمارے سکواڈ کے کھلاڑی دو وائٹ بال ڈومیسٹک ٹورنامنٹس کھیلنے کے بعد اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں اور مجھے امید ہے کہ یہ کھلاڑی پہلے میچ سے ہی اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔افتتاحی میچ میں بنگلہ دیش نے ہانگ کانگ کو 5 وکٹوں سے شکست دیدی۔بنگلہ دیش نے 8 وکٹوں پر 150 رنز بنائے۔بنگلہ دیش نے ہدف 19 ویں اوور میں 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔